• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

مشرف میں دم ہے تو پاکستان آکر مقدمات کا سامنا کریں: آصف زرداری

شائع January 1, 2018

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جنرل (ر) پرویز مشرف کی جانب سے ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بنانے پر سابق آرمی چیف کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں اتنا ہی دم ہے تو وہ پاکستان آکر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’جنرل (ر) پرویز مشرف اگر بیرون ملک اپنی اہلیہ کے ساتھ ناچ سکتے ہیں تو انہیں واپس آکر اپنے خلاف دائر مقدمات کا سامنا بھی کرنا چاہیے‘۔

خیال رہے کہ صحافی نے ان سے سوال کیا تھا کہ پرویز مشرف نے بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بلاول خواتین کی طرح نعرے لگانے سے پہلے آدمی بن کر دکھائے اور پھر نعرے لگوائے‘۔

ایک اور سوال کے جواب پی پی پی کے شریف چیئرمین کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب این آر او ہوا تو وہ اس وقت جیل میں قید تھے اور کوشش کی گئی کہ وہ بھی ’ایک طیارے میں سوار ہوجائیں‘، لیکن اللہ نے انہیں حوصلہ دیا اور انہوں نے یہ کام نہیں کیا۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جو احتجاج کرنے جارہی ہے کیا اس میں پیپلز پارٹی بھی شامل ہوگی تو ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین نے کہا ’اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ نوابزادہ نصر اللہ خان کی جو کمی ہمیں محسوس ہورہی تھی وہ ڈاکٹر طاہر القادری کی شکل میں پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے‘۔

مزید پڑھیں: بینظیر بھٹو قتل:’بلاول کے پاس میرے خلاف کیا ثبوت ہیں؟‘

آصف علی زرداری سے نیب کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ نیب نے سندھ میں ہمیشہ سے پیپلز پارٹی پر ظلم کیا اور صوبے میں ایک ایسی کینال بند کروادی جو 26 لاکھ ایکڑ کی ذرعی اراضی کو سیراب کرتی ہے۔

جب ان سے نواز شریف کی سعودی عرب میں موجودگی کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ تو ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ایک اہم اسلامی ملک ہے جہاں کرپشن کے خلاف مہم چل رہی ہے لہٰذا ہوسکتا ہے سعودی عرب کے اپنے مسائل ہوں جن کی وجہ سے نواز شریف وہاں موجودہ ہیں۔

خیال رہے کہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں بلاول بھٹو کی جانب سے ’مشرف قاتل‘ کا نعرہ لگانے پر سابق صدر پاکستان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’بلاول خواتین کی طرح نعرے لگانے سے پہلے آدمی بن کر دکھائے اور پھر نعرے لگوائے۔‘

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے بےنظیر بھٹو کے قتل میں ایک پار پھر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پ یپی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے ملوث ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ بے نظیر کے قتل سے آصف زرداری کو ہی سب سے زیادہ فائدہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کو پرویز مشرف نے قتل کروایا، بلاول بھٹو زرداری

سابق آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بلاول کے بچوں کی طرح باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، انہوں نے سوال کیا کہ بلاول کے پاس ان کے خلاف الزامات کا کیا ثبوت ہے؟

انہوں نے کہا تھا کہ ’دوسری جانب نواز شریف بھی پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر مجھ پر الزامات لگا رہے ہیں، دراصل یہ لوگ اس طرح فوج پر دباؤ ڈالنا چاہ رہے ہیں اور فوج پر دباؤ ڈالنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ مجھ پر دباؤ ڈالا جائے۔‘

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پرویز مشرف کو وطن واپس آنے اور عدالتوں کا سامنا کرنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’وہ بہادر ہیں تو پاکستان آکر اپنے کیسز کا سامنا کریں، جبکہ وہ صرف بےنظیر بھٹو کے ہی نہیں بلکہ سانحہ کارساز کے شہداء اور اکبر بگٹی کے بھی قاتل ہیں۔‘

خیال رہے کہ 27 دسمبر کو گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر تعزیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ وہ ذاتی طور پر بینظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو سمجھتے ہیں جہنوں نے حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی والدہ کو قتل کروایا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024