• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

پرویز مشرف کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، نواز شریف

شائع December 29, 2017 اپ ڈیٹ December 30, 2017

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو جلد کٹہرے میں لائیں گے، وقت آئے گا کہ آئین توڑنے والوں کو سزا دلوائی جائے گی۔

رائے ونڈ میں اپنی رہائش گاہ جاتی امراء میں محفل میلاد اور نماز جمع کے بعد کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مشرف کے خلاف مقدمات کے لیے عدلیہ کو جگانا ہوگا، بزدل انسان بہانہ بنا کر باہر بیٹھا ہے،

انہوں نے کہا کہ اگر پرویز مشرف بہادر ہیں تو پاکستان واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔

اس سے قبل گذشتہ دنوں نواز شریف نے ایک تقریب میں خطاب کے دوران سوال کیا تھا کہ کیا اس ملک میں کوئی ایسی عدالت ہوگی، جو مشرف کے جرم کا حساب لے لیکن اب یہ وقت آئے گا کہ سابق آمر کے خلاف فیصلہ آئے گا۔

مزید پڑھیں: ’کوئی ایسی عدالت ہوگی جو پرویز مشرف کے خلاف فیصلہ کرے؟‘

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پرویز مشرف کو آئین توڑنے سمیت بے نظیر بھٹو کے قتل کے الزام میں پاکستان پیپلزپارٹی ( پی پی پی) کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وہ ذاتی طور پر بے نظیر بھٹو کے قتل کا ذمہ دار سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو سمجھتے ہیں، جنہوں نے حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی والدہ کو قتل کروایا تھا۔

ان الزامات کے جواب میں پرویز مشرف نے کہا تھا ممکن ہے کہ ان کے دور حکومت میں اسٹیبلشمنٹ میں ایسے عناصر ہوں جنہوں نے طالبان کے ساتھ مل کر سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو قتل کرنے کی سازش کی ہو کیونکہ معاشرہ مذہبی بنیاد پر تقسیم ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میرے پاس اس حوالے سے کوئی حقائق نہیں ہیں لیکن میرے خیال سے میرا اندازہ درست ہے، جس خاتون سے متعلق یہ سمجھا جارہا ہو کہ ان کا جھکاؤ مغرب کی جانب ہے، انہیں اس طرح کے عناصر کی طرف سے مشکوک سمجھا جاتا ہے۔

اس جواب کے بعد 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو کی 10 ویں برسی میں بلاول بھٹو نے ایک مرتبہ پھر پرویز مشرف کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ساتھ ہی برسی کی تقریب میں ’مشرف قاتل‘ کے نعرے لگوائے تھے۔

جس کے جواب میں پرویز مشرف نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ’بلاول خواتین کی طرح نعرے لگانے سے پہلے آدمی بن کر دکھائے اور پھر نعرے لگوائے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بینظیر بھٹو کو پرویز مشرف نے قتل کروایا، بلاول بھٹو زرداری

انہوں نے کہا تھا کہ بلاول کے بچوں کی طرح باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، ان کے پاس میرے خلاف الزامات کا کیا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دیکھنا یہ ہے کہ بےنظیر کے قتل سے سب سے زیادہ فائدہ کس کو ہوا، مجھے تو کوئی فائدہ نہیں ہوا، امریکا تو چاہتا تھا کہ میں ملک کا صدر رہوں، بے نظیر کے قتل کا سب سے زیادہ فائدہ بلاول کے والد آصف زرداری کو ہوا، اسی بات نے بلاول کو خوفزدہ کیا ہوا ہے جس کے باعث وہ میرے خلاف نعرے لگوا رہے ہیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024