خانیوال: مسافر بس کا ٹریلر سے تصادم، 11 افراد ہلاک
صوبے پنجاب میں لاہور سے راجن پور جانے والی بس تیز رفتاری اور شدید دھند کے باعث ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور سے راجن پور جانے والی بس خانیوال کے قریب ایم-4 موٹر وے انٹرچینج پر شدید دھند میں تیز رفتاری کے باعث سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی۔
مزید پڑھیں: راجن پور: ٹرک نے کار کو کچل دیا، 3 ایف سی اہلکار جاں بحق
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس مسافر بس میں تقریباً 40 سے زائد مسافر سوار تھے۔
صبح سویرے ہونے والے ٹریفک حادثے کے زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا، جہاں ہسپتال ذرائع نے بتایا کہ زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قراقرم ہائی وے پر گاڑی کو حادثہ، 3 فوجی اہلکار جاں بحق
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ موسم سرما میں پاکستان کی شاہراہوں پر حادثات کی شرح بڑھ جاتی ہے جس کی اہم وجہ دھند بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ صبح سویرے بہاولپور سے رحیم یارخان حد نگاہ صفر سے 50 میٹر تک تھی۔
مزید پڑھیں: نوشہرو فیروز: پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ، 4 اہلکار جاں بحق
رواں ہفتے صوبہ پنجاب کے علاقے راجن پور میں ٹرک نے کار کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں کار میں سوار 3 ایف سی اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا تھا۔
اس سے قبل شانگلہ اور بٹاگرام کے اضلاع میں دو مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں 3 فوجی اہلکار بھی شامل تھے۔