راولپنڈی: ’پی ٹی وی‘ ڈائریکٹر، اہلیہ گھر میں مردہ پائے گئے
راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقہ داتا گنج بخش روڈ پر سرکاری ٹی وی میں بطور ڈائریکٹر آئی ٹی کام کرنے والے 55 سالہ فخر حمید اور ان کی 50 سالہ اہلیہ حمیرہ حمید گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) راول ڈویژن بہرام خان نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’دونوں میاں بیوی کی 7 سالہ بیٹی نے پولیس کو بیان دیا کہ جب وہ اسکول سے واپس آئی تو اس کے والدین کی لاشیں گھر کے بیت الخلاء میں پڑی تھیں۔‘
ایس پی نے بتایا کہ ’فخر حمید کے جسم پر کوئی کپڑا نہ تھا اور ان کے سر پر زخم موجود تھے جبکہ ان کی اہلیہ کے جسم پر زخم کا کوئی نشان نہیں تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اب تک دونوں کی موت کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں تاہم لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسے گی۔‘
اہل علاقہ اور پڑوسیوں کے اس حوالے سے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور پولیس جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) صادق آباد چوہدری ذوالفقار نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ابتدائی طور پر یہی معلوم ہوتا ہے کہ فخر حمید واش روم میں نہانے گئے تو پاؤں پھسلنے کی وجہ سے وہ گر گئے جس سے ان کے سر پر زخم آیا، خاوند کے گرنے کی آواز پر جب حمیرہ حمید واش روم گئیں تو وہ خاوند کے سر سے خون کا صدمہ برداشت نہ کر سکیں کیونکہ وہ دل اور کینسر کی مریضہ تھیں۔‘
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ’ابتدائی طور پر یہی معلوم ہوتا ہے کہ حمیرہ حمید کو دل کا دورہ پڑا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔‘ انہوں نے کہا کہ ’دونوں میاں بیوی کے دو ملازم بھی گھر پر موجود تھے جن سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔‘