راولپنڈی: غیرت کے نام پر بہن اور بہنوئی کا قتل
راولپنڈی کی تحصیل گجر خان کے نواحی قصبے نگیال میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر بھائی نے اپنی بہن اور اس کے خاوند کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی نے 30 بور کے پستول سے فائرنگ کر کے بہن اور بہنوئی کو قتل کیا جبکہ ملزم نے واقعے کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بر وقت موقع پر پہنچ کر اسے ناکام بنادیا اور ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔
ملزم سعید کی ہمشیرہ مسرت نے چند ماہ قبل قیصر سے پسند کی شادی کی تھی۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں 2 بہنیں 'غیرت کے نام' پر قتل
ایس ایچ او گجر خان انسپکٹر اشتیاق مسعود چیمہ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ 25 سالہ مقتول قیصر نے چند ماہ قبل 18 سالہ مسرت سے پسند کی شادی کی تھی تاہم لڑکی کا بھائی سعید انور اس شادی پر نہ خوش تھا اور وہ کئی روز سے اس موقع کی تلاش میں تھا کہ دونوں میاں بیوی کو قتل کردے۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ملزم سعید انور نان بائی کا کام کرتا ہے اور گجر خان کے ہی علاقے میں اس کا تندور بھی ہے جبکہ ملزم کی عمر 19 سال ہے۔
پولیس آفیسر نے بتایا کہ ملزم نے بہن اور بہنوئی کو گھر میں اکیلے دیکھ کر ان پر 30 بور کی پستول سے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزم نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا گیا جبکہ پولیس نے مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیں۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ اسے 12 دسمبر کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں 'غیرت کے نام پر' جوڑے کا قتل
یاد رہے کہ خواتین کو 'غیرت کے نام پر قتل' کرنے والے بیشتر افراد کو ان کے اہل خانہ ہی کی جانب سے معاف کیے جانے پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔
عورت فاؤنڈیشن کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2016 میں خواتین کے خلاف تشدد کے 7852 واقعات رونما ہوئے تھے۔
عورت فاؤنڈیشن کی رضاکار سائمہ منیر کے مطابق گذشتہ سال کاروکاری کے واقعات میں 70 فیصد اضافہ ہوا۔