• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

شمالی کوریا کا امریکا پر 'جوہری بلیک میلنگ' کا الزام

شائع December 10, 2017

شمالی کوریا نے اقوام متحدہ کے ایک سینئر نمائندے کے ساتھ غیرمعمولی ملاقات میں امریکا کی جانب سے ’جوہری بلیک میلنگ' کو ہتھیاروں کے معاملے پر برھتے تناؤ کا شاخسانہ قرار دے دیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ پیانگ یانگ نے اقوامِ متحدہ کے سینئر اہلکار سے غیرمعمولی ملاقات میں باضابطہ روابط رکھنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے اہلکار جیفری فلیٹمین حال ہی میں امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان تنازع کو ختم کرنے کے حوالے سے بات چیت کے لیے اپنا 5 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد پیانگ یانگ سے چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے۔

مزید پڑھیں: شمالی کوریا: امریکا تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ

خیال رہے کہ شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے اپنی تاریخ کے طاقتور ترین بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس میزائل تجربے کے بعد شمالی کوریا امریکا کے تمام شہروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہوگیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے اہلکار نے اپنے اس دورے میں شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو اور نائب وزیر خارجہ پاک میونگ کُک سے ملاقات کی۔

شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے اقوامِ متحدہ کے اہلکار سے کہا کہ امریکا کی شمالی کوریا کو یرغمال بنانے کی پالیسی اور ایٹمی جنگ کی دھمکی جزیرہ نما کوریا میں حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایٹمی ریاست‘ بننے پر شمالی کوریا میں جشن

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پیانگ یانگ نے اقوامِ متحدہ کے ساتھ ہر سطح پر بات چیت کے لیے راہ ہموار کرنے پر اتفاق کیا تاہم شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کی جانب سے ایسا کوئی پیغام سامنے نہیں آیا۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے آغاز کے بعد اقوامِ متحدہ کے سفیر نے شمالی کوریا کا دورہ کیا۔

شمالی کوریا کے حکام نے اقوامِ متحدہ کے اہلکار کے سامنے اس بات پر زور دیا کہ امریکا کی خطے میں مداخلت سے کشیدگی بڑھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے شمالی کوریا پر اس کے بڑھتے ہوئے میزائل پروگرام اور ایٹمی میزائل تجربے کی وجہ سے سفارتی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024