پی ایس ایل تھری کے شیڈول کا اعلان، پہلا میچ دبئی اور فائنل کراچی میں ہوگا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق پہلا میچ دبئی اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل تھری میں کُل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جبکہ 3 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 22 فروری 2018 کو دبئی میں لیگ کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی اور پہلی مرتبہ ایونٹ کا حصہ بننے والی ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کے ’پلے آف‘ مرحلے میں کوالیفائر میچ دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی مرحلے کے ایلیمنیٹر ون اور ایلیمنیٹر ٹو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیمیں پہلے راؤنڈ میں ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچز کھیلیں گی جبکہ راؤنڈ کے اختتام پر پوائنٹس کی بنیاد پر سرِ فہرست 4 ٹیمیں پلے آف مرحلے میں جانے کی حقدار قرار پائیں گی۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل تھری: 2 چینی کرکٹرز بھی زلمی کے ہمراہ ہوں گے
پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل 25 مارچ 2018 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
اس مرتبہ ایونٹ کے 18 میچز دبئی میں ہوں گے اور 13 میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے جبکہ ابو ظہبی میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہوئی تھی جس میں حیران کن طور پر کرس گیل کسی بھی ٹیم کا حصہ بننے میں ناکام رہے۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل 2018 کے سیمی فائنل مقابلے لاہور میں منعقد کرائے جائیں گے اور وہ پی ایس ایل تھری کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
تبصرے (1) بند ہیں