'ڈیجیٹل گولڈ' کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ
کچھ عرصہ پہلے سونے کی قیمت میں کمی یا اضافہ اہم خبر ہوتی تھی مگر لگتا ہے کہ اب یہ اعزاز ڈیجیٹل گولڈ یعنی بٹ کوائن کے پاس چلا گیا ہے۔
بدھ (6 دسمبر) کو اس ورچوئل کرنسی نے پہلے 12 ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کیا اور پھر 13 ہزار ڈالرز کا سنگ میل بھی طے کرلیا، تاہم تحریر کے وقت اس کے ایک یونٹ کی قیمت 13 ہزار 57 ڈالرز (13 لاکھ 77 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) پر تھی۔
یعنی ایک بٹ کوائن سے آپ 26 تولے سے زیادہ سونا خرید سکتے ہیں۔
نومبر کے اختتام پر 10 ہزار ڈالرز کا سنگ میل طے کرنے والی اس کرنسی کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران اتنا اضافہ ہوا اور لگتا ہے کہ پر لگ چکے ہیں۔
حالانکہ دس ہزار کی حد عبور کرنے کے بعد اس کی قدر گر کر 9 ہزار 300 ڈالرز تک پہنچی تھی مگر پھر اضافہ ہونے لگا۔
یہ بھی پڑھیں : دنیائے انٹرنیٹ کی کرنسی
بٹ کوائن جو ایک سال پہلے 750 ڈالرز سے بھی کم قیمت پر دستیاب تھا، نے اس سال متعدد ریکارڈز کو توڑا ہے۔
بٹ کوائن کی مجموعی مالیت پہلی بار 200 ارب ڈالرز سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔
بٹ کوائن کی قدر میں اتنی تیزی سے اضافہ متعدد فیوچر مارکیٹس کی جانب سے بٹ کوائن کو ٹریڈ کا حصہ بنانے کا اعلان ہے۔
بٹ کوائن نے اگست میں پہلی بار چار ہزار ڈالرز کی حد کو عبور کیا، اکتوبر میں پہلے پانچ اور پھر چھ ہزار ڈالرز کو عبور کیا۔
مزید پڑھیں : بٹ کوائن کی قیمت پہلی بار 7 ہزار ڈالرز سے تجاوز
نومبر کے مہینے میں یہ کرنسی پہلے سات، آٹھ اور پھر نو اور دس ہزار کی حد پہلی بار عبور کرنے میں کامیاب ہوئی اور لگتا ہے کہ سال کے اختتام پر یہ قدر 13 سے 15 ہزار ڈالرز تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
اس ڈیجیٹل کرنسی کی قیمت میں جنوری سے اب تک 12 سو فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا جاچکا ہے اور ماہرین اسے بلبلہ قرار دیتے ہیں جو ان کے خیال میں پھٹ سکتا ہے، تاہم ابھی تک ایسا نہیں ہوا۔