• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

شائع December 6, 2017

سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی ضمانت کی درخواست پر قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کردیا۔

عدالت عظمیٰ نے سماعت کے دوران شرجیل انعام میمن کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ سندھ میں ملزم سے ضمانتی مچلکے نہیں لیے جاتے بلکہ انہیں قید کر دیا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انعام اکبر نے چیئرمین نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایک کیس میں نوٹس جاری ہو چکا تاہم باقی افراد کے لیے بھی کیسز بھی جاری کر دیتے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے انعام اللہ اکبر سمیت دیگر 4 ملزمان کی درخواستوں پر بھی نیب کو نوٹسز جاری کردیے۔

مزید پڑھیں: عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی: شرجیل انعام میمن

بعد ازاں عدالت نے شرجیل انعام میمن کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کو آئندہ برس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردیا تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

سابق صوبائی وزیر کے وکیل لطیف کھوسہ نے کمرہ عدالت سے باہر نکل کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو امتیازی سلوک نہیں رکھنا چاہیے۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نیب زادے اور کچھ نیب زدہ ہیں جس میں صرف نیب زدہ ہی جیل جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ اسمبلی میں اس سلوک کے حوالے سے قرارداد بھی پیش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شرجیل میمن کی ضمانت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ عدالتوں میں ایسے پیش ہوتے ہیں جیسے شاہی دربار میں آتے ہوں۔

یاد رہے کہ رواں برس 23 اکتوبر کو سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی محکمہ اطلاعات میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کی مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر شرجیل انعام میمن سمیت دیگر ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد نیب کی ٹیم نے انہیں عدالت سے باہر آتے ہی گرفتار کرلیا تھا۔

سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پی پی پی رہنما سمیت 13 ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی تھی۔

بعد ازاں شرجیل میمن نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024