• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پیپلز پارٹی کے جلسے کے باعث دارالحکومت کی متعدد سڑکیں بند ہونے کا امکان

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے 50 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں وفاقی دارالحکامت اسلام آباد کے پریڈ ایونیو میں منعقد کیے جانے والے عوامی جلسے کے باعث فیض آباد کے قریب کچھ سڑکیں 5 دسمبر کو ایک مرتبہ پھر جڑواں شہروں کے رہائشیوں کے لیے نو گو ایریا رہیں گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد انٹرچینچ مذہبی جماعت کے دھرنے کے باعث 20 روز تک بند رہا تھا۔

پی پی پی کے یوم تاسیس کے اس جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

پولیس حکام کا کہناتھا کہ پی پی پی چیئرمین کی پارٹی کارکنوں اور حامیوں سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی نے نواز شریف کی پیشکش مسترد کردی

پولیس کے مطابق ملک کے موجودہ حالات اور اسلام آباد کے سیکٹر آئی 8 میں امام بارگاہ کے باہر حملے کے بعد جلسے کے شرکاء کی سیکیورٹی کے لیے سڑکوں کو بند کیا جائے گا۔

صرف پیپلزپارٹی کے جیالے اور حامی جلسہ گاہ تک پہنچنے کے لیے سڑکوں کو استعمال کرسکیں گے، زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک اسلام آباد ایکسپریس وے اور گارڈن ایونیو 5 دسمبر کی دوپہر سے جلسے کے اختتام تک بند رہیں گی۔

ٹریفک پولیس کے تقریباً 500 اہلکاروں کو ٹریفک کو دیگر سڑکوں پر موڑنے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

دریں اثناء گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دیگر پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس حوالے سے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے ڈان کو بتایا کہ جلسہ گاہ میں اصل شرکاء اسلام آباد اور راولپنڈی سے ہوں گے لیکن کشمیر ، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان سے بھی عوام نے جلسے میں شرکت کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

تاہم ہماری توجہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں پر ہے، ہمارے رہنما نیر حسین بخاری، شیری رحمٰن، مصطفیٰ نواز کھوکر اور دیگر کوشش کر رہے ہیں کہ جڑواں شہروں اور اطراف کے علاقوں سے زیادہ سے زیادہ لوگ جلسے میں شرکت کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے تمام صوبائی صدور کے ساتھ ساتھ آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے رہنما بھی یوم تاسیس کے اس پروگرام سے خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر حسین بخاری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ بھی جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ بیرسٹر اعتزاز احسن کا خطاب بھی شیڈول تھا لیکن وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا خطاب 5 بج کر 45 منٹ پر متوقع ہے تاہم اس میں تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔

قبل ازیں کراچی، کوئٹہ، سبی، نوابشاہ اور لاڑکانہ سے 3 ہزار سے زائد جیالے 8 ٹرینوں کے ذریعے گزشتہ روز راولپنڈی پہنچے۔

جیالوں کے اس گروپ کی قیادت رکن سندھ اسمبلی راشد ربانی کر رہے ہیں جو خود کراچی سے تشریف لائے ہیں۔

ریلوے اسٹیشن پر ان جیالوں کا استقبال پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بابر جدون، ناصر میر، وسیم خواجہ اور دیگر نے کیا۔

اس حوالے سے ناصر میر کا کہنا تھا کہ تمام صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں اور تنظیموں کو کہا گیا تھا کہ اس یوم تاسیس کے پروگرام میں پیپلزپارٹی کے پرانے جیالوں اور حامیوں کو شامل کیا جائے۔


یہ خبر 05 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024