شہباز شریف کی مداخلت پر رانا ثنا اللہ کے استعفے کا معاملہ موخر
لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں سیال شریف کے پیر حمید الدین سیالوی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے استعفے کے مطالبے کو موخر کرنے پر راضی ہوگئے جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی انتظامیہ کو مذہبی معاملات کو پرسکون طریقے سے انجام دینے میں دوسری کامیابی حاصل ہوگئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے پیر حمید الدین سیالوی سے رابطے کے بعد مذکورہ مطالبے کو موخر کرنے کے حوالے سے فیصلہ سامنے آیا جبکہ شہباز شریف نے وزیر قانون کی جانب سے ٹاک شو میں دیے گئے بیان کے حوالے سے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پیر سیالوی سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ وہ اس معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں گے اور جس کے لیے انہیں کچھ مناسب وقت کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ وہ خود سیال شریف میں پیر سیالوی کے پاس پیش ہوں گے اور انہیں اس معاملے پر اپنے نتائج کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔
واضح رہے کہ پیر سیالوی سینٹرل پنجاب میں قومی اسمبلی کے تقریباً ایک درجن ارکان کے ووٹرز پر اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔
اس سے قبل جمعے کو حکومتِ پنجاب ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی قیادت میں جاری تحریک لبیک پاکستان کے دھرنے کا پرامن حل نکالنے میں کامیاب ہوگئی تھی، دھرنے کے مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ وزیر قانون رانا ثناء اللہ مستعفی ہوں۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے 14 اراکین اسمبلی کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ
خیال رہے کہ خادم حسین رضوی کی قیادت میں فیض آباد میں دیے گئے دھرنے پر پولیس ایکشن کے بعد لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیا گیا تھا۔
اس حوالے سے نظام الدین سیالوی، جنہوں نے وزیر قانون پنجاب کو ہٹانے کے معاملے پر روحانی پیشوا کو اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا، انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ شہباز شریف کی یقین دہانی کے بعد پیر سیالوی اس معاملے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد مذہبی جماعت کا دھرنا ختم
کچھ روز قبل پنجاب کے وزیر مذہبی امور زعیم حسین قادری نے پیر سیالوی سے ملاقات کی تھی اور انہیں یقین دلایا تھا کہ رانا ثناء اللہ پیش ہوں گے اور اپنے بیان پر وضاحت دیں گے جبکہ دوبارہ کلمہ بھی پڑھیں گے، اگر وہ مذہبی رہنما کو مطمئن کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو وہ مستعفی ہوجائیں گے۔
ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی جانب سے بھی مظاہرہ ختم کرنے کےلیے یہ شرط بھی رکھی گئی تھی کہ پیر سیالوی کو مطمئن کیا جائے۔
خیال رہے کہ رانا ثناء اللہ نے اسی مقصد کے لیے گزشتہ روز سرگودھا کا دورہ کرنا تھا لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب کی مداخلت کے بعد اسے منسوخ کردیا گیا۔
یہ خبر 04 دسمبر 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی