کراچی:دودریا میں حادثے کے بعد فائرنگ سے نوجوان جاں بحق
کراچی میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے علاقے دو دریا میں نامعلوم ملزمان نے معمولی حادثے کے بعد ایک نوجوان کو گولی مار ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا۔
سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کلفٹن ڈاکٹر اسدا مالہی کا کہنا تھا کہ مرسیڈیز پر سوار دو نوجوان ساحل میں ناشتے کے لیے جارہے تھے کہ ایک معمولی حادثہ پیش آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد ڈبل کیبن گاڑی پر سوار ملزمان نے کار پر اندھادھند فائرنگ شروع کی۔
ایس پی ڈاکٹراسد کے مطابق کہ فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار دو افراد زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے ایک نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے 18 سالہ ضافر کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
انھوں نے مزید کہا کہ دوسرے زخمی کی شناخت 20 سالہ زید کے نام سے ہوئی جنھیں ہاتھ میں گولی لگنے سے زخم آئے ہیں تاہم انھیں طبی امداد دی جارہی ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا اور 2 گاڑیوں کو بھی ضبط کرلیا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایس ایس پی کراچی جنوبی کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیم نے پی ای سی ایچ میں واقع ایک گھر میں کارروائی کرتے ہوئے ملز خاور کو دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی میں ملزمان کے علاوہ 9 ایم ایم پستول، ڈبل کیبن گاڑی کو بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ قتل ہونے والا نوجوان ڈی ایچ اے کا رہائشی اور ڈی ایچ اے کالج میں فرسٹ ائر کا طالب علم تھا۔
واقعے کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے بھی نوٹس لیا گیا۔
سندھ کے وزیرداخلہ سہیل انور سیال نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی مشتاق احمد مہر کو فوری طور پر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی۔
صوبائی وزیر نے واقعے کے ذمہ داروں کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات بھی صادر کیے۔