• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:36pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:38pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:36pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:38pm

’ہمارا پیار لکھا نہیں گیا تھا، ہم رومانوی تھے‘

شائع December 2, 2017 اپ ڈیٹ December 4, 2017
کیٹ ونسلیٹ نے ٹائی ٹینک سے ہی شہرت حاصل کی—فائل فوٹو: پریڈ ڈاٹ کام
کیٹ ونسلیٹ نے ٹائی ٹینک سے ہی شہرت حاصل کی—فائل فوٹو: پریڈ ڈاٹ کام

حال ہی میں ہولی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’ٹائی ٹینک‘ کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے گزشتہ 20 سال سے لوگوں کے اس سوال کا جواب دیا تھا کہ بالآخر فلم میں ہیرو’جیک‘ (لیونارڈو ڈی کیپریو‘ کو مار کیوں دیا جاتا ہے۔

جیمز کیمرون نے کہا تھا کہ اگر فلم میں ’جیک‘ کو مار نہیں دیا جاتا تو فلم مقصد سے خالی رہ جاتی، اور یہ کہ فلم کے اسکرپٹ میں ان کی موت لکھی ہوئی تھی۔

تاہم اب اس فلم کی ہیروئن ’روز‘ (کیٹ ونسلیٹ) نے کہا ہے کہ فلم ٹائی ٹینک میں ان کے اور لینارڈو ڈی کیپریو کی اداکاری نے ان کے پیارکو فلم میں مثالی بنایا۔

امریکی ٹی وی ’سی بی ایس‘ کے معروف کامیڈی شو ’دی لیٹ شو ود اسٹیفن کولبرٹ‘ میں اداکارہ کیٹ ونسلیٹ نے کہا کہ ’ان کے خیال کے مطابق ان کا پیار فلم کے اسکرپٹ میں لکھا نہیں گیا تھا، بلکہ اس دن وہ رومانوی موڈ میں ہی فلم کے سیٹ پر پہنچے تھے‘۔

اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کا اشارہ اس دن کی شوٹنگ کی طرف تھا، جس دن فلم کے آخری مناظر شوٹ کیے گئے تھے، جس میں ہیرو جیک کو یخ ٹھنڈے پانی میں سسکیاں بھرتے ہوئے روز کے ہاتھ میں مرتا ہوا دکھایا گیا تھا۔

اداکارہ کے مطابق فلم میں ان کی اور لینارڈو ڈی کیپریو کی اداکاری شاندار تھی—فائل فوٹو
اداکارہ کے مطابق فلم میں ان کی اور لینارڈو ڈی کیپریو کی اداکاری شاندار تھی—فائل فوٹو

فلم کے اسی منظر پر شائقین آج بھی افسردہ ہوجاتے ہیں، شائقین کا خیال ہے کہ ہیرو کو بچایا بھی جاسکتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اگر ’ٹائی ٹینک‘ فلم کا ہیرو نہ مرتا تو کیا ہوتا؟

کیٹ ونسلیٹ نے شو میں بات کرتے ہوئے مزید بتایا کہ یخ ٹھنڈے پانی میں لکڑی کے ایک تختے پر فلمی منظر کی شوٹنگ کے دوران ان کی طبعیت خراب ہوگئی تھی۔

خیال رہے کہ ’ٹائی ٹینک‘ کے اسی منظر کو شوٹ کرانے کے بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کو نمونیا ہوگیا، تاہم اداکارہ نے پروگرام میں وضاحت کی کہ انہیں نمونیا نہیں دراصل ’ہائپو تھرسیا‘ ہوگیا تھا۔

ہائپو تھرسیا دراصل جسمانی درجہ حرارت کے نارمل درجہ حرارت سے کم ہوجانے کو کہتے ہیں۔

اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وہ فلم ’ٹائی ٹینک‘ کے لیے نہیں بلکہ اداکار میتھیو میکانہے کے ساتھ فلم کے لیے اوڈیشن دینے گئی تھیں، تاہم ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے انہیں ’جیک‘ کی فرینچ محبوبہ ’روز‘ کے لیے منتخب کیا۔

ٹائی ٹینک دسمبر 1997 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
ٹائی ٹینک دسمبر 1997 میں ریلیز کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

کیٹ ونسلیٹ نے اسی پروگرام میں میزبان اسٹیفن کولبرٹ کے ساتھ جیک کے ساتھ تختے پر فلمائے گئے منظر کی ایکٹنگ بھی کی۔

مزید پڑھیں: فلم ’ٹائی ٹینک‘ کی 20 سال بعد تھری ڈی میں نمائش

اداکارہ نے شو کی ٹیبل پر لیٹ کر میزبان کے ہاتھ کو پکڑ کر ’ٹائی ٹینک‘ فلم کے ڈائلاگ بولے۔

واضح رہے کہ کیٹ ونسلیٹ اور لینارڈو ڈی کیپریو نے 1997 میں آنے والی فلم ’ٹائی ٹینک‘ سے ہی فلمی دنیا میں شہرت حاصل کی۔

ان کی اس شہرہ آفاق فلم کو رواں ماہ 20 برس گزر گئے، فلم کی ٹیم نے اسے بیسویں سالگرہ کے موقع پر ٹوڈی اور تھری ڈی میں دوبارہ نمائش کے لیے پیش کرنے کیا اعلان کیا۔

اس فلم نے دنیا بھر سے 2 ارب امریکی ڈالرز (پاکستانی 2 کھرب روپے سے زائد) پیسے بٹورے۔

کارٹون

کارٹون : 31 اکتوبر 2024
کارٹون : 30 اکتوبر 2024