• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

ملتان سلطان کے میچوں کیلئے پاکستان میں ہوں گا، ٹام موڈی

شائع December 1, 2017

آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطان کے ہیڈ کوچ ٹام موڈی نے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے تیسرے سیزن کے فائنل میں پہنچی تو وہ پاکستان آئیں گے۔

ڈان نیوز کو ایک انٹرویو میں ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ ' ہاں، میں پاکستان میں ٹیم کے ساتھ ہوں گا اور مجھے امید ہے کہ ہم فائنل میں پہنچ کر لاہور اور کراچی دونوں مقامات میں کھیلنے کا موقع حاصل کریں گے'۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ 'میرے خیال میں کھلاڑیوں کے پاکستان جا کر کھیلنے کے اعتماد کی سطح وقت کے ساتھ بہتر ہورہی ہے اور زیادہ سے زیادہ کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے حوالے سے پراعتماد ہیں اور میرا خیال ہے کہ یہ صرف وقت کے ساتھ ہی بڑھے گا'۔

ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ 'ڈرافٹ میں نہ صرف مقامی بلکہ انتہائی اعلیٰ درجے کے کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جبکہ بین الاقوامی کھلاڑی بھی ہیں اسی لیے تمام ٹیموں کو اسٹار کھلاڑیوں تک رسائی ہوئی'۔

یاد رہے کہ ٹام موڈی اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم سن رائزرز حیدرآباد اور بنگلہ دیش پریمیئرلیگ (بی پی ایل) کی ٹیم رنگپور رائیڈرز کی کوچنگ کرچکے ہیں اور اب پی ایس ایل کی نئی شامل ہونے والی ٹیم ملتان سلطان کے کوچ مقرر ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں:ملتان سلطانز کی انٹری: کراچی میں لوگو اور کٹ کی تقریبِ رونمائی

پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کے فائنل تک رسائی کی امید ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک بہتر ٹیم ہیں جو ٹتجربہ کار بین الاقوامی کھلاڑیوں اور چند پرجوش نوجوان ٹیلنٹ پر مشتمل ہے اس لیے پورے ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم ایک مقابلہ کرنے والی ٹیم ہو گی'۔

ٹام موڈی کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ کے شروع میں ہی اپنی پوزیشن بہتر کرے گی اور یقیناً ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالے گی۔

خیال رہے کہ ملتان سلطان کو پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کے لیے پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے جو چھٹی ٹیم ہے اور ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کو ڈائریکٹر اور باؤلنگ کوچ مقرر کیا تھا۔

ٹام موڈی نے کہا کہ 'میں وسیم اکرم کے ساتھ ایک مرتبہ پھر مل کر کام کرنے کے لیے پرجوش ہوں، ہم طویل عرصے سے دوست ہیں اور ان کا تجربہ ٹیم کے لیے قیمتی ہوگا'۔

وسیم اکرم اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک تھے اور ان کی موجودگی میں ٹیم نے ابتدائی ٹورنامنٹ میں چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

پی ایس ایل کا تیسرا ٹورنامنٹ فروری 2018 میں شروع ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024