نرگس فخری کی شادی کی افواہیں
بولی وڈ کی خوبرو اداکارہ نرگس فخری اگرچہ ان دنوں فلموں میں نظر نہیں آ رہیں، تاہم وہ مسلسل شوبز اور فیشن خبر رساں اداروں کی خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔
ماڈل سے اداکاری میں خود کو منوانے والی نرگس فخری کی آخری فلم 2016 میں ’بینجو‘ ریلیز ہوئی تھی، جب کہ آئندہ ماہ ان کی فلم ’5 ویڈنگز‘ ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم نرگس فخری سے متعلق تازہ خبر یہ ہے کہ اداکارہ نے بولی وڈ فلم پروڈیوسر ادے چوپڑا سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور آئندہ برس ان دونوں کی جانب سے سادگی سے شادی کیے جانے کا امکان ہے۔
نرگس فخری کی شادی سے متعلق تازہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے، جب ان کے اور پروڈیوسر ادے چوپڑے کے درمیان معاشقے کی خبریں آئے دن خبر رساں اداروں میں شائع ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نرگس فخری پاکستان میں کام کی خواہشمند
پونے مرر نے اپنی خبر میں بتایا کہ اگرچہ نرگس فخری کی ٹیم نے ان کی اور ادے چوپڑا کی شادی سے متعلق افواہوں کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اداکارہ ان دنوں مکمل طور پر امریکا میں رہائش پذیر ہے، تاہم وہ کام کے سلسلے میں ممبئی آتی رہتی ہیں۔
نرگس فخری کی ٹیم نے ان کی شادی سے متعلق خبروں کو افواہ قرار دیا، تاہم اخبار نے انتہائی مستند ذرائع سے بتایا کہ اداکارہ نے حال ہی میں ادے چوپڑا سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔
خبر کے مطابق نرگس فخری نے نہ صرف ادے چوپڑا بلکہ ان کی والدہ پامیلا چوپڑا سے بھی ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
اخبار نے ذرائع سے بتایا کہ نرگس فخری اور ادے چوپڑا نے 2018 میں سادگی سے شادی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
مزید پڑھیں: متنازع اشتہار پر نرگس فخری کا جواب آگیا
خیال رہے کہ ان دونوں کے درمیان 2016 سے معاشقے کی خبریں چل رہی ہیں، ماضی میں ادے چوپڑا اداکارہ کو صرف اپنی دوست قرار دے چکے ہیں۔
ادے چوپڑا نے میڈیا میں اپنے اور نرگس فخری کے درمیان معاشقے کی خبروں پر کبھی بھی برہمی کا اظہار نہیں کیا، بلکہ انہوں نے انٹرویوز کے دوران بھی اداکارہ کو اپنی بہترین دوست قرار دیا۔
پروڈیوسرادے چوپڑا فلم ساز ییش راج چوپڑا کے صاحبزادے ہیں،جنہوں نے بولی وڈ کی معروف ’دھوم‘ سیریز میں فلم سازی کرنے سمیت اس میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔
یہ بھی پڑھیں: نرگس فخری پاکستان کی حامی
ادے چوپڑا نے فلم سازی کی شروعات 1991 سے کی، جب کہ نرگس فخری نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 2011 کی کامیاب فلم ’راک اسٹار‘ سے کیا۔
فلم ’اظہر، ڈشوم، مدراس کیفے، کک، ہاؤس فل تھری اور میں تیرا ہیرو‘ جیسی فلموں میں کام کرنے والی نرگس فخری کے والد پاکستانی نژاد ہیں، جب کہ وہ اداکاری سے قبل امریکا میں ماڈلنگ کرتی رہی ہیں۔