اینیمیٹڈ فلم نے سپر ہیروز فلم کو پیچھے چھوڑ دیا
گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی ہولی وڈ اینمیٹڈ فنٹیسی فلم ’کوکو‘ نے ریلیز کے ابتدائی 7 دن میں ریکارڈ کمائی کرکے سپر ہیروز پر مبنی سائنس فکشن فلم ’جسٹس لیگ‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
ڈزنی پکسرز پکچرز کی اینیمیٹڈ فنٹیسی فلم ’کوکو‘ کو امریکا میں 22 نومبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس نے 26 نومبر تک امریکا بھر سے 7 کروڑ 12 لاکھ ڈالرز (پاکستانی 7 ارب 12 کروڑ سے زائد) کی کمائی کرکے ’جسٹس لیگ‘ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
’جسٹس لیگ‘ کو رواں ماہ 17 نومبر کو امریکا سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا، اگرچہ سپر ہیروز فلم نے ابتدائی 2 دن میں دنیا بھر سے 10 کروڑ ڈالرز (پاکستانی 10 ارب سے زائد) کی کمائی کی، تاہم اس فلم نے امریکا بھر سے ایک ہفتے میں 6 کروڑ ڈالر (پاکستانی 6 ارب سے زائد) کمائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سپر ہیروز فلم ’جسٹس لیگ‘ کا اچھا آغاز
ورائٹی کے مطابق ’کوکو‘ کو امریکا بھر کی 3 ہزار 987 جب کہ ’جسٹس لیگ‘ کو امریکا بھر کی 4 ہزار 51 سینما گھروں کی زینت بنایا گیا، لیکن اس کے باوجود سپر ہیروز کی سائنس فکشن فلم اینیمیٹڈ فلم کے مقابلے کم پیسے بٹور سکی۔
جسٹس لیگ کی ابتدائی دس دن کی کمائی 17 کروڑ ڈالرز (پاکستانی 17 ارب سے زائد) ہوچکی ہے۔
اینیمیٹڈ فلم ‘کوکو‘ نے نہ صرف ’جسٹس لیگ‘ کو پیچھے چھوڑ دیا، بلکہ فلم نے ’تھینکس گونگ ڈے‘ کے موقع پر ریلیز ہونے والی اب تک کی سب سے زیادہ کمانے والی چوتھی بڑی فلم کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
’تھینکس گونگ ڈے‘ کے موقع پر سب سے زیادہ کمانے والی ڈزنی کی اینیمیٹڈ فلم ‘فروزن‘ ہے جو 2013 میں ریلیز ہوئی تھی، اور اس نے 9 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالرز(پاکستانی 9 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد) کمائے تھے۔
مزید پڑھیں: ہر دور کی 20 بہترین اینیمیٹڈ فلمیں
’تھینکس گونگ ڈے‘ کے موقع پر دوسرے نمبر پر زیادہپیسے بٹورنے والی فلم 2017 کی ’موئنا‘ ہے، جس نے 8 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالرز (پاکستانی 8 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد) پیسے کمائے۔
’تھینکس گونگ ڈے‘ کے موقع پر تیسرے نمبر پر زیادہ کمائی کرنے والی فلم 2010 کی فلم ’ٹوائے اسٹوری 3‘ ہے، جس نے 8 کروڑ امریکی ڈالرز (پاکستانی 8 ارب روپے سے زائد) کی کمائی کی۔
’کوکو‘ 7 کروڑ 12 لاکھ امریکی ڈالرز (پاکستانی 7 ارب 12 کروڑ روپے سے زائد) کے ساتھ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر آگئی۔
خیال رہے کہ ’کوکو‘ کی کہانی ایک موسیقار خاندان کی لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جس کا خواب اپنے آباؤ اجداد کی طرح ایک بڑی گلوکارہ بننا ہوتا ہے۔
تاہم یہ لڑکی اس وقت حادثاتی طور پر مردہ لوگوں کی دنیا میں چلی جاتی ہے، جب وہ اپنے پڑ دادا کے گٹار کو بجاتی ہیں۔
جب کہ جسٹس لیگ فلم سپر ہیروز پر مبنی فلم ہے، جسٹس لیگ‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مختلف کامک فلموں کے مرکزی سپر ہیروز اور ہیروئنز کو ان کے فلموں کے ناموں سے ہی ایک ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں سپر ہیرو بیٹ مین (بین ایفلک)، ونڈر ویمن (گال گدوٹ)، اکیوا مین (جیسن موموا)، سائی بورگ (رے فشر) اور فلیش (ازرا ملر) اور سپرمین (ہینری کیمل) شامل ہیں۔