فلم ’پدماوتی‘، اصل ناانصافی تو ’علاوالدین خلجی‘ کے ساتھ ہوئی ہے
ہندوستانی سینما میں سنجے لیلا بھنسالی ہمہ جہت صلاحیتیں رکھنے والے فلم ساز ہیں۔ کمرشل اور آرٹ سینما میں اپنا ثانی نہیں رکھتے، بالخصوص آرٹ سینما کے لیے فلمیں تخلیق کرتے وقت اِس بات کا خیال رکھتے ہیں کہ وہ کمرشل فلموں کی طرح پسند کی جائیں، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی فلموں کے اسکرپٹ اور اداکاروں کے انتخاب میں بے حد حساس واقع ہوئے ہیں، خاص طور پر برِصغیر کی تاریخ اُن کا پسندیدہ موضوع ہے۔
اِس تناظر میں اب تک وہ ’باجی راؤ مستانی‘ جیسی شاندار فلم بھی بنا چکے ہیں، جبکہ ’خاموشی‘، ’گزارش‘، ’بلیک‘، ’ہم دل دے چکے صنم‘، ’دیو داس‘ اور ’رام لیلا‘ جیسی عمدہ فلمیں بھی اِن کے کھاتے میں سنہری حروف میں درج ہیں۔
فلم ’پدماوتی‘ کے تنازعہ کی ابتداء اور بگڑتی صورتحال
گزشتہ برس سے سنجے لیلا بھنسالی اپنی نئی فلم پدماوتی پر کام کررہے ہیں۔ بظاہر ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے اِس بار موضوع کے انتخاب میں اُن سے کوئی تکنیکی غلطی ہوئی ہے کیونکہ اِس فلم کے حصے میں اب تک صرف تنازعات ہی آئے ہیں۔ پچھلے سال مغربی ہندوستان کی ریاست راجستھان کے شہر جے پور کے معروف تاریخی مقام ’جے گڑھ فورٹ‘ میں سنجے لیلا بھنسالی اور اُن کے ساتھیوں پر انتہاپسندوں کی طرف سے حملہ ہوا، کچھ عرصے بعد ایک اور ریاست مہاراشٹرا کے شہر کولہا پور میں اُن کی فلم کا سیٹ نذرِ آتش کردیا گیا۔ مختلف لسانی و مذہبی تنظمیوں کی طرف سے دھمکیوں کا تاحال سلسلہ جاری ہے، جن میں انتہا پسند ہندو راجپوتوں کی تنظیم ’کرنی سینا‘ پیش پیش ہے۔
انتہا پسندوں نے پدماوتی کا کردار نبھانے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی ناک اور اداکار رنویر سنگھ کی ٹانگیں کاٹنے کی دھمکی دی ہے، جبکہ دوسری طرف حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سورج پال امو نے سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا پڈوکون کا سر قلم کرنے پر 10 کروڑ روپے کا انعام بھی مقرر کیا ہے۔ ایک اور انتہاپسند تنظیم کی طرف سے اِن دونوں کے سر کی قیمت 5 کروڑ لگائی جاچکی ہے۔ حال ہی میں بھارتی شہر جے پور کے مشہور ’نہر گڑھ ‘ قلعہ پر ایک شخص کی پھندہ لگی لاش بھی جھولتی ہوئی پائی گئی ہے، جبکہ اُس کے قریب ایک دھمکی آمیز تحریر بھی ملی، جس پر کئی مزید دھمکیوں کے ساتھ ساتھ ’پدماوتی‘ درج تھا۔
مخالفت اور حمایت میں بلند ہونے والی آوازیں
اِس فلم کی مخالف آوازوں میں ایک طرف تو ہندوستان کی حکمران پارٹی بی جے پی، حزبِ اختلاف کانگریس، راجستھان کا سابق شاہی خاندان، انتہا پسند تنظیم بجرنگ دل، مدھیا پردیش کے وزیر اعلیٰ سمیت کئی بھارتی فنکار بھی شامل ہیں، لیکن مخالف رائے رکھنے والے فنکاروں کی اکثریت تاحال خاموش ہے۔ دوسری طرف چند ایک فنکاروں نے اِس فلم کی حمایت میں بھی اپنی آواز بلند کی، جن میں سلمان خان، شبانہ اعظمی، کرن جوہر، فرحان اختر، ہریتک روشن، انوراگ کیشپ، رام گوپال ورما، عالیہ بھٹ وغیرہ شامل ہیں۔ اِن کے علاوہ بولی ووڈ کی چھوٹی بڑی تنظیموں سمیت ’انڈین فلمز اینڈ ٹی وی ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن‘ نے بھی اپنا احتجاج بلند کیا ہے، جس میں انہوں نے خود سنجے لیلابھنسالی کے ساتھ کھڑے ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
فلم کی نمائش منسوخی اور نئی تاریخ
ابتدائی طور پر اِس فلم کی ریلیز کا دن یکم دسمبر 2017ء تھا، پہلے سینسر بورڈ کی طرف سے اِس کو روکا گیا، لیکن عدالتی حکم کے بعد نمائش کرنے کی اجازت دے دی گئی، مگر حالات بگڑتے دیکھ کر سنجے لیلا بھنسالی نے فلم کی نمائش رضاکارانہ طور پر معطل کردی۔ اب اِس فلم کو نئی تاریخ کے مطابق 12 جنوری 2018ء یعنی مہینے کے دوسرے ہفتے میں ریلیز کیا جائے گا، البتہ برطانیہ میں یہ فلم دھمکیاں موصول ہونے کے باوجود، یکم دسمبر کو ہی ریلیز ہو رہی ہے۔ ابتدائی دنوں میں پاکستان میں سینما گھروں کی طرف سے بھی اِس فلم کی نمائش کے لیے تشہیر کی گئی تھی، مگر اب انتہائی خاموشی سے اِس کی ریلیز اور تشہیر دونوں کا سلسلہ منقطع کردیا گیا ہے۔
’پدماوتی‘ تاریخ کی نگاہ سے
چونکہ اِس فلم کی وجہ سے کئی بڑے تنازعات نے جنم لیا اور اب نوبت موجودہ حالات تک آن پہنچی ہے، اِس لیے اِسی تناظر میں مزید کچھ باتیں جاننے کی ضرورت ہے۔
اِس فلم کا مرکزی خیال 1540ء میں لکھی گئی طویل نظم ’پدماوتی‘ سے لیا گیا ہے، جس کے خالق صوفی شاعر ملک محمد جائسی ہیں۔ اِس نظم کے مطابق، کہانی میں راوی ایک توتا ہے، جو چتوڑ کی رانی پدماوتی کے لیے شوہر تلاش کرتا ہے، اور کئی مواقعوں پر اپنی جان بچاکر اِس کہانی کو آگے بڑھاتا ہے۔
نظم کے مطابق سلطان علاؤالدین خلجی مہارانی پدماوتی کے حُسن کے بارے میں جان کر اُس پر فریفتہ ہوجاتا ہے اور اُس کو حاصل کرنے کی خاطر چتوڑ پر چڑھ دوڑتا ہے۔ چتوڑ کا راجا رتن سین قلعہ بند ہوجاتا ہے، سلطان کئی مہینے انتظار کرنے کے بعد شکست خوردہ ہوتا ہے، اور ایک موقع پر راجا رتن سین سلطان کو محل میں کھانے کی دعوت دیتا ہے، جہاں وہ آئینے میں مہارانی پدماوتی کا دیدار بھی کرلیتا ہے۔ سلطان مہارانی کو حاصل کرنے کے لیے راجا رتن سین کو دھوکے سے قید کرکے دہلی لے آتا ہے، جہاں سے مہارانی پدماوتی اُسے آزاد کروا لیتی ہے۔ جس کے بعد سلطان اور راجا کے مابین کھلی جنگ ہوتی ہے، جس میں راجا جان سے جاتا ہے اور مہارانی اپنے شوہر کے ساتھ ستی ہوجاتی ہے۔
اب یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر سنجے لیلا بھنسالی کی فلم کا مرکزی خیال صوفی شاعر محمد ملک جائسی کی نظم سے ہی لیا گیا ہے، تو پھر ہندوستانی راجپوتوں کے اعتراضات کی گنجائش نہیں بنتی، کیونکہ اِس نظم کی بابت ہندوستان میں ہر کوئی واقف ہے کہ یہ راجستھان سمیت کئی ریاستوں کے نصاب میں بھی شامل ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی نے واضح طور پر کہا ہے کہ ’اِس فلم کا مرکزی خیال اُسی نظم سے لیا گیا جبکہ سلطان علاؤالدین خلجی اور رانی پدماوتی کا کوئی رومانوی منظر فلم کاحصہ نہیں ہے۔‘
کہانی کی تاریخی حیثیت فلم بننے سے پہلے بھی متنازعہ ہے، لیکن اِس کے باوجود اِسے راجپوتوں کے ہاں خاص تاریخی و نسلی تقدس حاصل ہے، پھر اِسی کہانی پر فلم بن جانا کوئی اچھنبے کی بات نہیں، جس پر اتنا واویلا کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین یک طرفہ راگ آلاپے جا رہے ہیں اور اُن کا خیال ہے کہ فلم میں سلطان اور رانی کے مابین رومانوی منظر کشی کی گئی ہے۔
تاریخی مغالطے
معروف تاریخ دان محمد احتشام الدین دہلوی کا خیال ہے کہ ’اِس کہانی میں بیان کردہ واقعات کو سچ مان بھی لیا جائے تو تاریخی وجوہات کی بناء پر اِس واقعہ کو سلطان غیاث الدین خلجی سے جوڑا جاسکتا ہے، جو علاؤالدین خلجی کے دو سو برس بعد ’مالوہ‘ کا حکمران گزرا ہے۔ جس کی سرحدیں ریاست چتوڑ سے ملتی تھیں اور اُن کے مابین جھڑپیں وغیرہ بھی ہوا کرتی تھیں۔‘
دیگر تاریخی حقائق کی چھان بین کی جائے تو کئی طرح کے تضادات سامنے آتے ہیں۔ مثال کے طور پر ملک محمد جائسی کی نظم کے مطابق، علاؤالدین خلجی اور راجا رتن سین کے مابین 8 سال تک مسلسل جنگ ہوتی رہی، جبکہ تاریخ بتاتی ہے کہ علاؤالدین خلجی نے ایک ہی بار میں چتوڑ کو فتح کرلیا تھا۔ اِسی طرح سلطان علاؤالدین خلجی کے زمانے میں چتوڑ کے راجا رتن سین نہیں بلکہ لکھم سین تھے۔
تاریخ دانوں کے مطابق غیاث الدین خلجی کے زمانے میں چتوڑ کے راجا رتن سین تھے اور عورتوں کے حُسن کا پرستار علاؤالدین خلجی نہیں بلکہ غیاث الدین خلجی تھا، اور یہی وجہ ہے کہ اُس کے بارے میں تو یہ گمان کیا جاسکتا ہے کہ وہ اِس طرح کی حرکت میں ملوث ہوسکتا ہے، مگر سلطان علاؤالدین خلجی کا اِس قصے میں دور دور تک کوئی وجود نہیں ہے۔
پدماوتی اور امیرخسرو
اب اِس صورتحال میں تاریخی پہلوؤں کے تناظر میں جو تشویشناک پہلو ہے وہ یہ کہ اب تک اِس طرف زیادہ توجہ نہیں دی گئی کہ صوفی شاعر ملک محمد جائسی کی نظم کا متن تاریخی حقائق پر مبنی ہے بھی یا نہیں؟ اِس طویل نظم کے دو حصے ہیں، جن میں تخیلاتی طور پر سلطان اور مہارانی کا قصہ بنایا گیا ہے اور حقیقت سے اِس کا کوئی تعلق نہیں تھا، کیونکہ سب کچھ تاریخ کے کاغذات میں درج اور موجود ہے۔
ہندوستان میں، ترک نژاد علاؤالدین خلجی 1296ء میں دہلی کے سلطان بنے تھے۔ اُن کے 721 سال بعد یہ فلم ’پدماوتی‘ بن رہی ہے، جبکہ ملک محمد جائسی کی نظم 1540ء میں لکھی گئی، جب ہندوستان کا حکمران شیر شاہ سوری تھا۔ علاؤالدین خلجی نے جب چتوڑ فتح کیا تو اُن کے ہمراہ معروف موسیقار اور عالم امیر خسرو بھی تھے۔ اُس وقت کے مورخین میں، امیر خسرو سمیت کسی کی لکھی ہوئی تاریخ میں اِس قصے کا کوئی تذکرہ تو دور کی بات جھلک تک نہیں ملتی۔
اِس کے طویل عرصے بعد تاریخ فیروز شاہی لکھی گئی، جس میں سلطان علاؤالدین خلجی کی کمزوریوں اور خرابیوں کو بھی بیان کیا گیا، مگر اُس تاریخ میں بھی پدماوتی کے ساتھ کسی تعلق کا تذکرہ نہیں ملتا، لہٰذا اِس تناظر میں سب سے زیادہ ناانصافی کسی کے ساتھ ہوئی ہے تو وہ ہندوستانی راجپوت یا سنجے لیلا بھنسالی نہیں، نہ ہی مہارانی پدماوتی اور دپیکا پڈوکون ہے، بلکہ وہ تاریخ کا معروف حکمران علاؤالدین خلجی ہے، جس کے کردار کو پہلے ایک نظم میں مسخ کیا گیا، اور اُسی مسخ شدہ تصور کی توسیع زیرِ نظر فلم پدماوتی میں کی گئی۔
سلطان علاؤالدین خلجی کے ساتھ ناانصافی
پدماوتی جیسے خیالی کردار کے لیے تو ہندوستان میں ایک طوفان برپا ہے، مگر افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ایک حقیقی اور انصاف پر مبنی کردار کو جس بُری طرح مسخ کیا گیا، اُس پر کوئی بات نہیں ہو رہی۔ اِس تاریخی خیانت کے مرتکب تمام متعلقہ لوگ تاریخ کو جوابدہ ہوں گے۔ اِن تمام حوالوں کو پڑھنے اور سمجھنے کے بعد تو ایک خیال یہ بھی آتا ہے کہ اِس فلم کے ذریعے جس طرح سلطان علاؤالدین خلجی کے کردار کو مسخ کیا گیا ہے، اُس پر مسلمان کوئی آواز نہ اُٹھا سکیں، اُسی کے سدِباب کے طور پر یہ سب ناٹک رچایا گیا، وگرنہ ایسا بھی کیا کہ، جس بات کا سارے فسانے میں ذکر ہی نہیں، وہ بات اُن کو اتنی ناگوار کیوں گزر رہی ہے؟ اب ایسا لگتا ہے کہ اِس فلم ’پدماوتی‘ کو کامیاب بنانے کے لیے کہیں پہلے یہ ڈراما تو نہیں پلانٹ کیا گیا، کیونکہ تاریخی حقائق اور عہدِ حاضر کے مورخین کچھ اور کہہ رہے ہیں، ملاحظہ کیجیے۔
گھر کی گواہی
بی بی سی ہندی سروس، دہلی نے، انڈیا کی معروف علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ کے سربراہ اور ہندوستان کی عہدِ وسطیٰ کی تاریخ کے ماہر پروفیسر سید علی ندیم رضوی سے گفتگو کی۔ اُن کے مطابق فلم پدماوتی میں افسانوی کردار مہارانی پدماوتی کو کس طرح سے دکھایا گیا ہے، اِس پر تو سب مخالفت کر رہے ہیں، لیکن فلمساز (بھنسالی) نے اصل ناانصافی تو علاؤالدین خلجی کے ساتھ کی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ فلم میں علاؤالدین خلجی کی مکروه تصویر پیش کی گئی ہے. لوگوں کے سامنے ایک ایسا خلجی پیش کیا گیا ہے جو ظالم، وحشی اور سفاک ہے، ایک ایسا بادشاہ جو بے ڈھنگے کپڑے پہننے کا شوقین ہے، حالانکہ یہ بالکل فضول ہے، کیونکہ خلجی کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ نہایت مہذب حکمران تھے۔صرف یہی نہیں بلکہ خلجی نے اپنے دور میں کچھ ایسے اقدامات اٹھائے جن کے اثرات آج بھی نظر آتے ہیں۔ اس حوالے سے جیتی جاگتی مثال گنگا جمنا تہذیب ہے۔ یہ درحقیقت علاوالدین خلجی نے ہی شروع کی جسے بعد میں اکبر نے آگے بڑھایا تھا، اُس کی ابتداء علاؤالدین خلجی نے ہی کی تھی۔
پروفیسر سید علی ندیم رضوی کی گفتگو اور دیگر مورخین کی لکھی ہوئی تاریخ، جہاں جہاں بھی علاؤالدین خلجی کا تذکرہ موجود ہے، وہاں ایسا ماحول، معاشرت، طرزِ زندگی، آدابِ مجلس اور جذباتی مدو جزر نہیں محسوس ہوتے، جن کی عکس بندی فلم میں کی گئی ہے۔ اِس فلم کے ذریعے مہارانی پدماوتی کا تو کچھ نہیں بگڑے گا، جس طرح سنجے لیلا بھنسالی بیان بھی کرچکے، مگر سلطان خلجی کی شخصیت اور اُن کے دور کو جس طرح مسخ کردیا گیا ہے اُس کی اتنے سنجیدہ اور باصلاحیت فلم ساز سے توقع نہیں تھی، یہ سب حقائق افسوسناک ہیں۔ پھر اِس سے زیادہ تکلیف دہ پہلو پاکستان میں طاری خاموشی بھی ہے، کوئی فنکار، فلم ساز، کسی ثقافتی ادارے کا نمائندہ، کوئی دانشور، کسی نے بھی برِصغیر کی تاریخ کی ایک اہم شخصیت کے کردار کو مسخ کرنے پر کوئی آواز نہیں اٹھائی۔
تاریخ کے منچ پر فلم اور ڈرامے کے کردار
ایسا لگ رہا ہے کہ ہندوستان میں یہ سارا ناٹک سوچی سمجھی سازش ہے اور کچھ عرصے میں تمام چیزیں نارمل ہونے کے بعد فلم بھی ریلیز ہوجائے گی۔ تنازعات کی وجہ سے اب توجہ بھی خوب ملے گی، جس کا اثر باکس آفس پر بھی پڑے گا اور اِن ہنگاموں کے بعد، ہندوستان میں کسی مسلمان کو اِس فلم پر انگلی اُٹھانے کی جرات بھی نہیں ہوگی۔
سنجے لیلا بھنسالی سے گزارش ہے کہ وہ تاریخ کے موضوع پر فلمیں ضرور بنائیں مگر بہتر یہ ہو کہ وہ اپنی فلموں میں فکشن کا لاحقہ لگائیں تاکہ فلم بین کو یہ اندازہ ہوسکے کہ یہ تخیل پر مبنی فلم ہے، جس طرح ماضی میں ’امراؤ جان ادا‘ یا پھر ’مغل اعظم‘ بنائی گئی ہیں۔ فرضی کہانیوں کو، حقیقی اور اصل کہانیاں کہہ کر بیان کریں گے تو وہ متنازعہ بھی ہوں گی اور بدنامی کا باعث بھی بنیں گی۔
تاریخ سے چھیڑ چھاڑ کوئی سلطان کرے یا فلم ساز، یہ بات طے ہے کہ تاریخ اُس کو کبھی معاف نہیں کرتی۔
تبصرے (2) بند ہیں