• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

اسلام آباد دھرنا: عمران خان کا وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ

شائع November 26, 2017

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں مذہبی جماعتوں کے دھرنے پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن اور اس کے بعد اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں شروع ہونے والی تشدد کی صورت حال کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر وفاقی وزرا کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی کے جاری بیان میں عمران خان کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستانیوں کو انتہائی خطرناک صورتحال میں دھکیلنے پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو فوری مستعفی ہوجانا چاہیے۔

عمران خان نے وزیراعظم کے ساتھ وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر قانون کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرقانون زاہد حامد کو بہت پہلے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہیے تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد دھرنا: فیض آباد کے اطراف رینجرز تعینات

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ شریف خاندان کا کٹھ پتلی وزیر اعظم اپنے وزرا سمیت گھر چلا جائے کیونکہ وزیراعظم اور ان کے وزرا نے انتہائی حساس معاملہ بگاڑ کر ملک کو سنگین بحران کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے نام پر ایسی چنگاری سلگائی گئی ہے جس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ تشدد اور املاک کی تباہی کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ جاری کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مظاہرین کے خلاف طاقت استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا مطالبہ بھی ریکارڈ پر موجود ہے جبکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہ کرکے حکومت نے غلطی پر پردہ ڈالنے کے تاثر کو تقویت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کسی بھی قیمت پر شریف خاندان کی کرپشن بچانے پر پوری قوت صرف کئے ہوئے ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جمہوریت کا خون ہو یا ملک میں عدم استحکام، حکومت ہر قیمت پر شریف خاندان کی کرپشن بچانا چاہتی ہے اور حکومت کو اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

مزید پڑھیں: نجی نیوز چینلز کی نشریات کچھ دیر میں بحال ہونے کا امکان

انہوں نے قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کی بحالی اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے وزیراعظم، وزیر داخلہ سمیت مستعفی ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024