• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پیمرا نے نجی ٹی وی چینلز کی نشریات بحال کردی

شائع November 26, 2017

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے 28 گھنٹوں کی معطلی کے بعد تمام ٹی وی چینلز کی نشریات کو بحال کردیا۔

اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کی بحالی کا نوٹی فیکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق تمام نیوز اور کرنٹ افیئرز کے چینلز کو 'فوری طور پر بحال' کردیا گیا ہے۔

پیمرا کا کہنا ہے کہ 'تمام کیبل نیٹ ورکس کو چینلز کی اصلی پوزیشن پر دوبارہ بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے'۔

قبل ازیں پیمرا نے تمام نجی نیوز چینلز کی نشریات جلد بحال کرنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے، نشریات بحال کرنے کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردی تھیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں نجی نیوز چیلز کو جلد بحال کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ملک میں نجی نیوز چینلز کی نشریات کی بندش کو 28 گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزر چکا ہے۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں دوسرے روز بھی نیوز چینلز اور سوشل میڈیا بند

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایات کے بعد نجی نیوز چینلز کی نشریات جلد بحال کردی جائیں گی۔

اس حوالے سے چیئرمین پیمرا نے ڈان نیوز کو بتایا کہ ہدایات پر عمل درآمد کیا جارہا ہے اور نشریات جلد بحال کردی جائیں گی۔

علاوہ ازیں وزارت اطلاعات و نشریات نے پیمرا کو تمام چینلز کی نشریات فوری بحالی کا حکم دیا جبکہ پیمرا نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کو نئی گائیڈ لائنز بھی بھجوا دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے فیض آباد انٹر چینج پر جاری مذہبی جماعتوں کے دھرنے کو ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے آپریشن کیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے تمام نجی نیوز چینلز کو فیض آباد آپریشن بالخصوص سیکیورٹی اداروں کی حکمت عملی کی لائیو کوریج سے روکنے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے بعد تمام نیوز چینل کی نشریات کو معطل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا ویب سائٹس کو اَن بلاک کرنا ممکن

نیوز چینلز کی نشریات کی بحالی کے حوالے سے ترجمان پیمرا کا کہنا تھا کہ نشریات کی بحالی سے متعلق وزارت داخلہ کی جانب سے مزید ہدایات آنے کا انتظار ہے، تب تک نشریات کی معطلی کا کوئی وقت متعین نہیں اور نہ کوئی مقرر مدت سے آگاہ کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کی ہدایت پر پی ٹی اے نے سوشل میڈیا کی سائٹس فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب اور ڈیلی موشن کو بند کردیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ذرائع کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی سائٹس کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر وزارت داخلہ کے احکامات پر ملک بھر میں بلاک کیا گیا تھا جبکہ فیض آباد اور اس کے گردونواح میں انٹرنیٹ کی سروس بھی معطل کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے ان ویب سائٹس کو بلاک کرنے کا حکم وزارت داخلہ کی جانب سے دیا گیا تھا، ان سائٹس کی بحالی سے متعلق بھی حکومت کی جانب سے ہدایات ملنے پر انہیں بحال کردیا جائے گا کیونکہ بطور ریگولیٹر پی ٹی اے حکومت کی ہدایات کا پابند ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024