مقبوضہ کشمیر:جھڑپ میں 3 نوجوان، ایک بھارتی کمانڈو ہلاک
مقبوضہ کشمیر میں مختلف علاقوں میں دو جھڑپوں کے نتیجے میں تین کشمیریوں کے علاوہ بھارتی فوج کا ایک کمانڈو بھی ہلاک ہوگیا۔
پولیس افسر منیراحمد خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ہندواڑا کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران تصادم ہوا جس کے نتیجے میں تین کشمیری ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دوسرا تصادم کپواڑا کے علاقے میں ہوا جہاں بھارتی اسپیشل فورسز کا ایک اہلکار مارا گیا جبکہ کافی دیر تک مسلح تصادم جاری رہا۔
پولیس افسر منیر احمد خان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کررہی تھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی تازہ ریاستی دہشت گردی کا واقعہ کپواڑا میں پیش آیا جہاں تین نوجوانوں کو ہلاک کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک نوجوان کو ہندواڑا کے علاقے ماگام میں کارروائی کے دوران ہلاک کیا جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جاری تازہ لہر میں پانچ دنوں کے اندر 11 نوجوان جاں بحق ہوگئے ہیں۔
مزید پڑھیں:مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج سے تصادم میں 5 کشمیری، ایک فوجی ہلاک
یاد رہے کہ دو روز قبل کشمیر کے شمالی علاقے میں ایک جھڑپ میں 5 نوجوانوں کے علاوہ ایک کمانڈو ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ایک فوجی زخمی بھی ہوا تھا جبکہ ایک روز قبل ہی سری نگر کے مضافات میں مقابلے کے دوران ایک کشمیری اور پولیس افسر کو بھی مارا گیا تھا۔
خیال رہے کہ آزاد ذرائع کے مطابق رواں سال بھارتی فوج کی جانب سے 190 کشمیریوں کو نشانہ بنایا گیا اور 70 کے قریب حکومتی اہلکار بھی ہلاک ہوئے۔