سپر ہیروز فلم ’جسٹس لیگ‘ کا اچھا آغاز
سپر ہیروز پر مبنی معروف ڈی سی کامک کی فلم ’جسٹس لیگ‘ نے ابتدائی 2 دن میں دنیا بھر سے 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالر(پاکستانی گیارہ ارب سے زائد) کا بزنس کرکے نہ صرف اچھا آغاز کیا، بلکہ دیگر فلموں کے لیے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی۔
’جسٹس لیگ‘ کو وارنرز برادرز کے بینر تلے رواں ماہ 17 نومبر کو امریکا، بھارت، چین اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا۔
فلم کی نمائش سے قبل ہی یہ اندازے لگائے گئے تھے کہ ’جسٹس لیگ‘ پہلے ہی دن ریکارڈ بزنس کرکے کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دے گی، تاہم ایسا نہیں ہوسکا۔
خیال کیا جا رہا تھا کہ ’جسٹس لیگ‘ نمائش کے ابتدائی 2 دن میں صرف امریکا میں ہی 10 کروڑ ڈالر کا بزنس کرے گی، تاہم فلم نے امریکا میں صرف 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی کمائی کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’ جسٹس لیگ‘ کے کرداروں کی تصاویر جاری
ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق ’جسٹس لیگ‘ نے امریکا سے ابتدائی 2 دن کے اندر 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر (پاکستانی لگ بھگ 4 ارب) کی کمائی کی۔
جب کہ ’جسٹس لیگ‘ نے بھارت اور چین سمیت دیگر ممالک سے ابتدائی 2 دن میں 7 کروڑ 10 لاکھ ڈالر سے زائد (پاکستانی 7 ارب سے زائد) پیسے بٹورے۔
فلم نے مجموعی طور پر امریکا میں ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے رواں برس ریلیز ہونے والی ’ونڈر ویمن‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس فلم نے 2 دن میں 3 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سمیٹے تھے۔
خیال رہے کہ جسٹس لیگ میں ’ونڈر ویمن‘ کی ہیروئن بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: جسٹس لیگ میں مردہ سپر ہیرو واپس آگیا
’جسٹس لیگ‘ نے نہ صرف ’ونڈر ویمن‘ بلکہ اپنی ہی کاسٹ کے دیگر سپر ہیروز کی فلموں کو بھی ابتدائی 2 دن کی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔ تاہم مجموعی طور پر جسٹس لیگ نے ابتدائی 2 دن میں اندازوں سے 15 فیصد کم پیسے بٹورے۔
جسٹس لیگ‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مختلف کامک فلموں کے مرکزی سپر ہیروز اور ہیروئنز کو ان کے فلموں کے ناموں سے ہی ایک ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں سپر ہیرو بیٹ مین (بین ایفلک)، ونڈر ویمن (گال گدوٹ)، اکیوا مین (جیسن موموا)، سائی بورگ (رے فشر) اور فلیش (ازرا ملر) اور سپرمین (ہینری کیمل) شامل ہیں۔