• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

دھمکیوں کے بعد فلم ’پدماوتی‘ کی نمائش مؤخر

شائع November 19, 2017
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بالآخر ہندو انتہاپسند اپنے منصوبے میں کامیاب ہوگئے، اور فلم کی ٹیم کو مجبورا ’پدماوتی‘ کی نمائش مؤخر کرنا پڑی۔

’پدماوتی‘ کے خلاف ہندو انتہاپسند تنظیموں کی جانب سے گزشتہ 2 سال سے مظاہرے اور احتجاج جاری تھے، تاہم جیسے جیسے فلم کی نمائش کے دن قریب آتے گئے، ان میں شدت آتی گئی۔

انتہاپسندوں نے جہاں شوٹنگ کے دوران بھی فلم کی ٹیم پر حملہ کیا تھا، وہیں انہوں نے فلم کو نمائش کے لیے پیش کیے جانے پر بھارت کی مختلف ریاستوں میں سینما گھروں کو جلانے کی دھمکی بھی دے رکھی تھی۔

ہندو انتہاپسندوں کا سلسلہ صرف سینما گھروں کو جلانے تک محدود نہیں رہا، بلکہ انہوں نے فلم میں ’پدماوتی‘ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ ’دپیکا پڈوکون‘ کا ناک کاٹنے کی دھمکی بھی دی۔

ان انتہاپسندوں کا خیال ہے کہ فلم میں راجپوتوں کی رانی ’پدمنی‘ جسے ’پدماوتی‘ بھی کہا جاتا تھا، اس کی کہانی کو تبدیل کرکے پیش کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ کے خلاف خواتین بھی سڑکوں پر آگئیں

ان کا خیال ہے کہ فلم میں ’پدماوتی‘ کو اپنے شوہر کے علاوہ تیرہویں صدی کے بادشاہ علاؤ الدین خلجی کے ساتھ بھی رومانس کرتے دکھایا جائے گا۔

اگرچہ فلم کی ٹیم ایسے خیالات کو غلط قرار دیتے ہوئے متعدد بار کہ چکی ہے کہ فلم میں ایسا کوئی بھی سین نہیں، لیکن اس کے باوجود انتہاپسندوں کے مظاہرے جاری ہیں۔

انتہاپسندوں نے فلم کی نمائش کے دن یعنی یکم دسمبر کو بھارت بھر میں مظاہرے کرنے اور بڑے پیمانے پر سینما گھروں کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دے رکھی تھی، جس کے بعد اب فلم کی ٹیم نے اس کی نمائش مؤخر کردی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ’پدماوتی‘ کو پروڈیوس کرنے والی کمپنی ’واکیوم 18 موشن پکچرز‘ نے رضاکارانہ طور پر فلم کی نمائش مؤخر کردی۔

’پدماوتی‘ کو آئندہ ماہ یکم دسمبر کو ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اب اس کی نمائش غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی۔

موشن پکچرز کی جانب سے 19 نومبر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ رضاکارانہ طور پر ’پدماوتی‘ کی نمائش مؤخر کی جا رہی ہے، اور جلد ہی اس کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب بولی وڈ تجزیہ نگار ترن آدرش نے بھی ’پدماوتی‘ کو مؤخر کرنے سے متعلق ٹوئیٹ کی۔

اگرچہ بھارت کی سپریم کورٹ اور ریاستی عدالتوں سمیت ریاستی حکومتوں نے بھی پدماوتی پر پابندی لگانے کی درخواستیں مسترد کردی تھیں، تاہم پھر بھی انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے باعث اس کی نمائش مؤخر کردی گئی۔

مزید پڑھیں: پدماوتی‘ میں نامناسب سین دیکھانے پر سینما جلانے کی دھمکی

فلم کی مرکزی کاسٹ میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ شامل ہیں۔

فلم کی کہانی چتور گڑھ کی رانی پدمنی کے گرد گھومتی ہے جنہیں پدماوتی بھی کہا جاتا ہے، وہ بےحد خوبصورت تھیں، جن کی خوبصورتی کے چرچے سُن کر اور شیشے میں ان کی ایک جھلک دیکھ کر ظالم بادشاہ علاؤ الدین خلجی ان کا دیوانہ ہوگیا اور انہیں حاصل کرنے کے لیے پدماوتی کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کو قتل کردیا۔

فلم میں دپیکا پڈوکون ’پدما وتی‘ شاہد کپور ان کے شوہر’ راجا راول رتن سنگھ ‘ اور رنویر سنگھ ’علاﺅ الدین خلجی‘ کے روپ میں نظر آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024