• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

’پدماوتی‘ کی ٹیم فلم کو ریلیز سے قبل دکھانے کے لیے تیار

شائع November 12, 2017
—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

بولی وڈ کی تاریخی مگر اب تک کی متنازع فلم ’پدماوتی‘ کو ویسے تو آئندہ ماہ یکم دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا، تاہم ابھی تک فلم کی نمائش ہونے یا نہ ہونے سے متعلق کوئی حتمی بات نہیں کہی جاسکتی۔

’پدماوتی‘ کے خلاف ہندو انتہا پسند تنظیموں راجپوت کرنی سینا اور جے راجپوتانہ سنگھ شروع دن سے مظاہرے کر رہے ہیں، جب کہ انہوں نے یہ دھمکی بھی دے رکھی ہے کہ اگر فلم کی نمائش سے قبل انہیں خصوصی طور پر فلم نہیں دکھائی گئی تو وہ سینما گھروں کو آگ لگادیں گے۔

ہندو انتہا پسند تنظیموں نے گجرات، چھتیس گڑھ اور دیگر ریاستوں کے سینما مالکان کو بھی خطوط ارسال کر رکھے ہیں کہ انہیں فلم دکھائے بغیر نمائش کی گئی تو نقصان کے ذمہ دار سینما مالکان خود ہوں گے۔

ہندو انتہا پسند تنظیموں راجپوت کرنی سینا اور جے راجپوتانہ سنگھ کا مؤقف ہے کہ سنجے لیلیٰ بھنسالی فلم میں ’راجپوتوں‘ کی کہانی کو غلط انداز میں پیش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پدماوتی‘ میں نامناسب سین دیکھانے پر سینما جلانے کی دھمکی

ان انتہاپسندوں کا خیال ہے کہ فلم میں رانی پدمنی یعنی پدماوتی اور علاؤ الدین خلجی کے درمیان رومانوی مناظر دکھائے جائیں گے، جو غیر حقیقی ہیں۔ اگرچہ سنجے لیلا بھنسالی انتہاپسند تنظیموں کے خدشات ختم کرنے کے لیے وضاحتی بیان بھی دے چکے ہیں کہ فلم میں ’پدماوتی‘ اور علاؤ الدین خلجی کے درمیان کوئی رومانوی مناظر نہیں۔

تاہم ہندو انتہاپسند تنظیمیں اس بات پر بضد ہیں کہ انہیں شبہ ہے کہ فلم میں تاریخ کو مسخ کرکے پیش کیا جائے گا۔

اب اس فلم کی نمائش کرنے والی کمپنی ’ویاکوم 18 موشن پکچرز‘ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اجیت اندھیڑے نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی ٹیم ’پدماوتی‘ کو نمائش سے قبل ان لوگوں کو دکھانے کے لیے تیار ہے، جنہیں ان کی فلم پر اعتراضات ہیں۔

مزید پڑھیں: 'پدماوتی' کی شوٹنگ، سنجے لیلا بھنسالی پر حملہ

ڈی این اے انڈیا کے مطابق اجیت ادھیڑے نے بھارتی خبر رساں ادارے ’آئی اے این ایس‘ سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کی جانب سے نمائش کی اجازت دیے جانے سے قبل ان افراد کو فلم دکھانے کے لیے تیار ہیں، جنہیں ’پدماوتی‘ پر اعتراض ہیں۔

اجیت اھیڑے نے واضح کیا کہ اگرچہ فلم میں ایسا کوئی منظر نہیں جس سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوں، تاہم فلم کی ٹیم تنازع سے بچنے کے لیے فلم نمائش سے قبل ان افراد کو دکھائے گی، جو اس پر اعتراضات اٹھاتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی بی ایف سی کی جانب سے فلم کو سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد وہ کسی کے لیے بھی فلم کی اسکریننگ نہیں کریں گے، کیوں کہ انہیں ایک باقاعدہ ضابطے کے تحت فلم کی نمائش کا سرٹیفکیٹ جاری ہوگا، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ کسی کے اعتراضات دور کرنے کے پابند نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'پدماوتی اور علاؤالدین خلجی کے درمیان رومانوی سین نہیں'

خیال رہے کہ فلم کی کہانی چتور گڑھ کی رانی پدمنی کے گرد گھومتی ہے جنہیں پدماوتی بھی کہا جاتا ہے، وہ بےحد خوبصورت تھیں، جن کی خوبصورتی کے چرچے سُن کر اور شیشے میں ان کی ایک جھلک دیکھ کر ظالم بادشاہ علاؤ الدین خلجی ان کا دیوانہ ہوگیا اور انہیں حاصل کرنے کے لیے پدماوتی کے شوہر راجا راول رتن سنگھ کو قتل کردیا۔

فلم میں پدماوتی کا کردار دپیکا پڈوکون، راجا راول رتن سنگھ کا کردار شاہد کپور اور علاؤالدین خلجی کا کردار رنویر سنگھ ادا کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024