• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پرویز مشرف کا اب سیاست میں کوئی کردار نہیں بنتا، وسیم آفتاب

شائع November 9, 2017
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما وسیم آفتاب کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے بہت عرصہ سیاست کی اور صدارت سمیت بڑے عہدے پر رہے، اب انہیں آرام کرنا چاہیے، ان کا اب سیاست میں کوئی کردار نہیں بنتا۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز وائز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم آفتاب نے کہا کہ متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے اتحاد کے حوالے سے پی ایس پی کا نظریہ واضح ہے، جبکہ ہماری جانب سے جو بات کی گئی ہے ہم ایمانداری کے ساتھ اس پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام شہر کے ماحول میں تبدیلی چاہتے ہیں، ماضی میں بہت نقصان ہو چکا ہے اس لیے آگے بڑھنے کے لئے کسی نہ کسی کو ابتداء کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سیاسی بیانیہ تبدیل ہونے جارہا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ہر معاملے کا ایسا باوقار حل نکلے گا جس سے کراچی کے امن میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے صدر مصطفیٰ کمال ایک بڑے مقصد سے نکلے ہیں اور ان کا مقصد اس شہر سے الطاف حسین کی دہشت کے عفریت کا خاتمہ اور بھارتی ایجنسی ’را‘ کی سازشوں کا خاتمہ ہے۔

مزید پڑھیں:ایم کیو ایم پاکستان کا پی ایس پی سے ’سیاسی اتحاد‘ کا اعلان

وسیم آفتاب کا کہنا تھا کہ ہم سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا احترام کرتے ہیں لیکن ہم مہاجر کے نام پر سیاست نہیں کر رہے، ہم مہاجر ضرور ہیں لیکن ہم پاکستان کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پرویز مشرف نے بہت عرصہ سیاست کی اور صدارت سمیت بڑے عہدے پر رہے، اب انہیں آرام کرنا چاہیے، ان کا اب سیاست میں کوئی کردار نہیں بنتا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی کے ساتھ سیاسی اتحاد قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیصلہ کیا ہے کہ مل کر سندھ بالخصوص کراچی کے عوام کی خدمت کریں گے۔

پی ایس پی کے صدر مصطفیٰ کمال نے فاروق ستار کے سیاسی اتحاد کے اعلان کی توثیق کرتے ہوئے کہاتھا کہ ’ایک انتخابی نشان کے ساتھ پارٹی کے لیے تیار ہیں، ہم ایک نشان، نام اور منشور پر مل کر ایسی قیادت نکالنا چاہتے ہیں جو پاکستان کی آواز بنے۔‘

یہ بھی پڑھیں:’اتحاد کا مقصد ایم کیو ایم کو ختم کرنا‘

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے متعدد رہنما انیس قائم خانی، رضا ہارون، انیس ایڈووکیٹ پاک سرزمین پارٹی میں بھی شامل ہوئے تھے جبکہ حال ہی میں کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرا بھی ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہوئے تھے، جس کے بعد انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان اور اس کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ لندن نے ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی کے اتحاد کا مقصد ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی ایک اور کوشش قرار دے دیا ہے۔

ایم کیو ایم لندن کے رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’جو کہتے تھے کہ ہم نے 23 اگست کا اقدام ایم کیو ایم کو بچانے کے لیے کیا انہوں نے آج اس شخص سے اتحاد کرلیا جس نے کل ہی کہا تھا کہ ہمیں ایم کیو ایم کو دفن کرنا ہے۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024