پاکستانی عمرہ زائرین کیلئے ’بائیو میٹرک سسٹم‘ دسمبر تک موخر
اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بائیو میٹرک کی شرط کو رواں سال دسمبر تک موخر کردیا۔
سعودی سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اور پاکستانی قوم سعودی عرب کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے اور سعودی عرب پاکستانی قوم کے مفادات کو تمام معاملات پر فوقیت دیتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بائیو میٹرک نظام پاکستانی عمرہ زائرین کو سہولت کی فراہمی کے لیے متعارف کرایا گیا، تاکہ وہ جدہ میں شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شناخت کے لیے طویل انتظار کے بغیر باآسانی ایئر پورٹ سے باہر جاسکی، جبکہ بائیو میٹرک نظام کا طریقہ کار دنیا کے بیشتر ممالک میں رائج ہے۔
تاہم زائرین کی بائیو میٹرک تصدیق فراہم کرنے کہ ذمہ دار کمپنی ’اعتماد‘ نے بغیر تیاری اور ضروری اقدامات کے فنگر پرنٹس لینے کا کام شروع کیا، جو عوام کی پریشانی کا باعث بنا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب:حج، عمرہ ویزہ فیسوں میں اضافے کا اطلاق
بیان میں کہا گیا کہ اس بنا پر بائیو میٹرک سسٹم کے طریقہ کار کو دسمبر 2017 کے اوائل تک موخر کیا جارہا ہے، تاکہ کمپنی عمرہ زائرین کے لیے ضروری اقدامات کو یقینی بنا سکے۔
سعودی سفارت خانے کے بیان میں مزید کہا گیا کہ عمرہ کے خواہش مند حضرات دسمبر سے قبل موجودہ سسٹم (بغیر فنگر پرنٹ) کے تحت ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کو 30 اکتوبر سے لازمی قرار دیا تھا۔
ویڈیو دیکھیں: سعودی حکومت کی نئی عمرہ ویزہ پالیسی
سعودی حکومت کی جانب سے اس شرط کے عائد کیے جانے کے بعد مختلف شہروں میں ٹریول ایجنٹس اور زائرین کا احتجاج سامنے آیا، جبکہ بائیو میٹرک تصدیق کے لیے فی عمرہ زائر 650 روپے فیس طے کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان سے ہر سال 10 لاکھ کے لگ بھگ زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے، جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جاتے ہیں۔











لائیو ٹی وی