’جادو کی مدد سے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی‘
سری لنکن ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دنیش چندیمل نے پاکستان کے خلاف 2-0 سے کلین سوئپ فتح کو ’’جادو‘‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے جس پر انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
چندیمل نے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل انہوں نے جادوگر سے خصوصی دعائیں لیں، میں ہر وقت ہر کسی سے دعائیں لینے کیلئے تیار رہتا ہوں چاہے وہ جادوگر ہو یا پادری۔
پاکستان سے سیریز کے بعد کولمبو واپسی پر انہوں نے کہا کہ ہم میں صلاحیت ضرور ہو سکتی ہے لیکن دعاؤں کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔
ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ایک ہفتے قبل سری لنکن وزیر کھیل نے اس بات سے انکار کیا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل مشکلات سے دوچار سری لنکن ٹیم کو جادوکے استعمال کا مشورہ دیا تھا۔
سری لنکن وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے جادوگر کو مقدمے کی دھمکی دی جس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے وزیر کھیل کی دعا پر پاکستانی ٹیم پر جادو کردیا تھا۔
یاد رہے کہ سری لنکا میں جادو پر کافی اعتقاد ہے اور وزرا، کاروباری شخصیات اور کھیلوں کے ستارے اہم کام سے قبل جادوگروں اور مذہبی پیشواؤں سے ضرور ملاقات کرتے ہیں۔
اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سری لنکن صدر مہندا راجاپکسے نے دو سال قبل الیکشن کے اعلان سے قبل اپنے نجومی سے مشورہ کیا تھا لیکن انہیں اس میں بدترین شکست ہوئی تھی۔
چندیمل نے بتایا کہ جادوگر ان کے ایک دوست کی والدہ ہیں اور انہوں نے ان کی دعائیں لینے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
تاہم ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ فتح کے بعد سری لنکن ٹیم بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ شکستوں سمیت لگاتار آٹھ ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
سری لنکن شائقین نے چندیمل کے مضحکہ خیز دعوے پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا مذاق بھی اڑایا جبکہ کچھ لوگوں نے تو ان کے جادوگر کو فراد قرار دیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ آپ نے پیشن گوئیاں کیں، طلسماتی کام کروائے، پوجا بھی کی لیکن بالآخر ہمیں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تبصرے (1) بند ہیں