افغانستان: طالبان کے حملوں میں 15 پولیس اہلکار ہلاک
افغانستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں طالبان کے مختلف چیک پوائنٹس پر حملوں میں 15 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق افغان مشرقی صوبے غزنی کے گورنر کے ترجمان عارف نوری نے کہا کہ صوبے میں چیک پوائنٹ پر حملے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹے سے زائد رہنے والی جھڑپ کے دوران 7 دہشت گرد بھی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔
اتوار کو رات گئے طالبان نے جنوبی صوبے زابل کے ایک اور چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا، جس کے بعد جھڑپوں کے دورن 6 پولیس اہلکار 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں طالبان کا خود کش حملہ، 5 افراد ہلاک
ضلعی انتظامیہ کے سربراہ عامر جان آلوکوزئی کا کہنا تھا کہ جھڑپوں کے دوران 8 پولیس اہلکار 12 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔
دونوں حملوں کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے افغانستان بھر میں رواں ماہ سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملے کیے جاچکے ہیں، جس کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: افغانستان: 'طالبان کے حملوں میں 23 شہری ہلاک'
شمالی افغان صوبے بغلان کے پولیس چیف کے ترجمان ذبیح اللہ شجاع نے کہا کہ تیسرے حملے میں فوجی گاڑی کے ساتھ نصب بم مارکیٹ میں پھٹ گیا جس سے 13 افراد زخمی ہوئے۔
صوبائی دارالحکومت پولی خومری میں کیے جانے والے حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔