• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کیلئے حفیظ انگلینڈ روانہ

شائع October 30, 2017
سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں محمد حفیظ کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا تھا— فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں محمد حفیظ کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا تھا— فوٹو: اے ایف پی

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ایکشن مشکوک رپورٹ ہونے کے بعد تجربہ کار پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کیلئے انگلینڈ روانہ ہو گئے ہیں۔

آئی سی سی نے 19 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں میچ آفیشلز نے حفیظ کا ایکشن مشکوک رپورٹ کیا تھا۔

آئی سی سی کے ترجمان کے مطابق میچ آفیشلز نے اسپنر کے باؤلنگ ایکشن پر شکوک کا اظہار کیا تھا اور آفیشلز کی رپورٹ پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کے حوالے کی جا چکی ہے۔

انگلینڈ روانگی سے قبل حفیظ باؤلنگ ایکشن کلیئر قرار دیے جانے کے حوالے سے پراعتماد نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا ایکشن بالکل تبدیل نہیں کیا اور اسی وجہ سے مجھے آئی سی سی نے ماضی میں کلیئر کیا تھا۔

واضح رہے کہ 50 ٹیسٹ، 195 ایک روزہ اور 81 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد حفیظ کو 2014 سے باؤلنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

حفیظ کا باؤلنگ ایکشن پہلی مرتبہ 2014 میں رپورٹ ہوا تھا اور اسی سال دسمبر میں انہیں باؤلنگ سے معطل کردیا گیا تھا تاہم آزادانہ جائزے کے بعد اپریل 2015 میں ان کے ایکشن کو درست قرار دے کر باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی۔

تاہم ان کی یہ خوشی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہی اور جون 2015 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا جس کے بعد جولائی 2015 میں ایکشن دوسری بار غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔

گزشتہ سال نومبر میں حفیظ کا برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں ان کا ایکشن درست قرار پایا تھا اور انہیں باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ایک سال کے اندر ہی ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہو گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024