• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’آئندہ سال ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان میں منعقد ہوگا‘

شائع October 29, 2017
سری لنکن کپتان تھسارا پریرا پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، ان کے سری لنکن ہم منصب تھیلنگا سماتھیپالا اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے موجود ہیں— فوٹو: اے پی
سری لنکن کپتان تھسارا پریرا پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی، ان کے سری لنکن ہم منصب تھیلنگا سماتھیپالا اور قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے موجود ہیں— فوٹو: اے پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان آمد پر سری لنکن کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے یہاں کھیلنے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا۔

لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور سری لنکن بورڈ کے حکام نے پریس کانفرنس کی اس دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے یہاں کھیلنے سے دنیا بھر میں مثبت پیغام جائے گا۔

مزید پڑھیں: سری لنکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے لاہور پہنچ گئی

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کے کپتان تشارا پریرا دوسری بار پاکستان آئے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ سال اپریل میں ایمرجنگ ایشیا کپ پاکستان میں منعقد ہوگا اور بھارت سمیت ایشیا کی ٹاپ ٹیمیں ایونٹ میں شریک ہوں گی۔

انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کھیلنے آئے گی، ’مجھے امید ہے بھارتی ٹیم پاکستان کھیلنے آئے گی‘۔

دعوت دیتے ہیں کہ دنیا پاکستان آکر کھیلے، تھیلنگا سوماتھیپالا

اس موقع پر سری لنکن کرکٹ بورڈ (ایس سی بی) کے صدر تھیلنگا سوماتھیپالا نے کہا کہ ہم پاکستان میں آکر کھیلنے پرخوش ہیں، اس سے قبل پاکستان نے بھی بہت مشکل حالات میں سری لنکا کے دورے کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات خراب ہونے کے باوجود پاکستان نے کبھی سری لنکا کا دورہ منسوخ نہیں کیا تھا۔

صدر ایس سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا برادرملک ہے، اسے تنہا نہیں چھوڑ سکتے جبکہ حالیہ ایونٹ کے لیے پاکستان نے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ ’ہم مستقبل میں بھی پاکستان کا دورہ کرتے رہیں گے، دنیا کو دعوت دیتے ہیں وہ بھی پاکستان آکرکھیلیں‘۔

صدر سری لنکن کرکٹ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم مضبوط ہے اور تشارا پریرا اچھے کپتان ہیں جبکہ ہماری ٹیم اس وقت تیاری کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔

اس سے قبل سری لنکن ٹیم پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے لیے لاہور پہنچی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: باکسر عامر خان بھی پاک سری لنکا میچ دیکھنے کیلئے لاہور پہنچ گئے

سری لنکن اور پاکستانی کرکٹ ٹیمیں متحدہ عرب امارات سے رات گئے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں جہاں پر پنجاب حکومت کے اعلیٰ سرکاری حکام اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے سری لنکن ٹیم کا پر تپاک استقبال کیا۔

دونوں ٹیموں کو بلٹ پروف گاڑیوں میں بٹھا کر سخت سیکیورٹی کے حصار میں ایک مقامی ہوٹل پہنچایا گیا جہاں پہنچنے پر شائقینِ کرکٹ نے تالیاں بجا کر مہمان ٹیم کا والہانہ استقبال کیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری تین میچوں پر مشتمل سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی تاہم پاکستان کے پاس تیسرا میچ جیت کر سیریز میں کلین سوئپ کرنے کا نادر موقع ہے۔

خیال رہے کہ 3 مارچ 2009 کو سری لنکن ٹیم پر لاہور کے لیبرٹی چوک پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا، جس کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024