• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت

شائع October 29, 2017

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کی غیر موجودگی میں پارٹی کے رہنما انیس قائم خانی کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ اور ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ مصطفیٰ کمال ان دنوں بیرون ملک مقیم ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ دو افراد سے شروع ہونے والی پارٹی کا آج سیکڑوں لوگ استقبال کررہے ہیں اور اب جہاں جہاں پاکستانی ہیں وہاں پی ایس پی موجود ہے۔

پی ایس پی کے رہنما نے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کراچی کے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ 2 مرتبہ سندھ اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وسیم اختر نے کراچی کے میئر کا حلف اٹھالیا

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے اعلان کیا تھا کہ اگر ان کی پارٹی کا کوئی رکن پارٹی تبدیل کرے گا تو وہ اپنے تمام ارکان پارلیمنٹ سے استعفیٰ دلوادیں گے۔

انیس قائم خانی نے کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ ارشد وہرہ کی پی ایس پی میں شمولیت کے بعد فاروق ستار اپنے ارکان پارلیمنٹ سے استعفیٰ دلوائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد وہرہ نے جرات مندی کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ارشد وہرہ ڈپٹی میئرکا عہدہ چھوڑ کر پی ایس پی میں شامل ہوئے، اس لیے ان خیرمقدم کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انیس قائم خانی نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔

اس موقع پر ارشد وہرہ نے کہا کہ ’ہم کراچی کے عوام کی خدمت نہیں کرسکے اور ہم نے وعدے پورے نہیں کیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل کے باوجود عوام کی خدمت نہیں کی جاسکی جبکہ ایک سال تک ہم وسائل اور اختیارات کا رونا روتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے عوام کی خدمت کی مثال قائم کی جبکہ انہوں نے عوام کی خدمت نہ کرنے کے باعث ایم کیو ایم چھوڑی۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم اختر سے تحقیقات کیلئے ’جے آئی ٹی‘ تشکیل

ایک سوال کے جواب میں ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ تحقیقات سے گھبرا کر بیرون ملک نہیں جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کئی ارکان اسمبلی پی ایس پی میں شامل ہوجائیں جبکہ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) کونسل کے آدھے سے زیادہ ارکان بھی ناراض ہیں اور بہت جلد ان کے بھی پی ایس پی میں شمولیت کا امکان ہے۔

ارشد وہرہ کا کہنا تھا کہ جو بھی اختیارات تھے اس میں بھی عوام کے لیے بہت کرسکتے تھے لیکن نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ 18 ستمبر 2017 کو ایم کیو ایم پاکستان کے رکنِ سندھ اسمبلی سید ندیم رضی نے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024