سام سنگ ایس 9 کی تفصیلات افشاں
اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے رواں برس اپنے اب تک کے سب سے بہترین گلیکسی فون ’ایس ایٹ‘ اور ’ایس ایٹ پلس‘ متعارف کرائے تھے۔
اگرچہ سام سنگ کے ان موبائل کو بہترین اور معیاری فون کہا گیا، مگر ایسا بلکل نہیں ہے کہ کمپنی ان سے بہتر ماڈل پیش نہیں کرسکتی۔
اب خبریں ہیں کہ سام سنگ ایس سیریز کا اگلا اسمارٹ فون بنانے میں مصروف ہے، جس کے لیے پہلے خیال کیا جا رہا تھا کہ اسے 2018 کی پہلی سہ ماہی کے آخر میں پیش کیا جاسکتا ہے۔
تاہم اب خبریں ہیں کہ سام سنگ کی جانب سے ’ایس‘ سیریز کا نیا موبائل سال نو کے آغاز پر یعنی جنوری 2018 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سام سنگ ایس سیریز کے بہترین فونز پیش
کمپنی سام سنگ ایس 9 میں گلیکس ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس سے زیادہ بہتر فیچر اور آلات کا استعمال کرکے اسے اب تک کا بہترین اسمارٹ فون بنانے کی کوششوں میں ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ جہاں سام سنگ ایس 9 میں بہترین فیچرز ہوں گے، وہیں اس کی قیمت بھی گلیکسی ایس ایٹ اور گلیکسی ایس ایٹ پلس کے مقابلے کم رکھی جائے گی۔
اینڈرائڈ اتھارٹی نے اپنی رپورٹ میں سام سنگ ایس 9 کے درج ذیل فیچرز بتائے، جب کہ ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ اس کی قیمت گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس کے مقابلے کم ہوگی۔
خیال رہے کہ گلیکسی ایس ایٹ کی قیمت 750 ڈالرز (78 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جب کہ گلیکسی ایس ایٹ پلس کی قیمت 850 ڈالرز (89 ہزار روپے سے زائد) رکھی گئی۔
تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ سام سنگ ایس 9 کی قیمت ان سے کم رکھی جائے گی۔
مزید پڑھیں: سام سنگ کا سب سے 'بہترین' گلیکسی نوٹ متعارف
سام سنگ ایس 9 میں ممکنہ طور پر درج ذیل فیچرز ہوں گے۔
فنگر پرنٹ سینسر
خبریں ہیں کہ سام سنگ ایس 9 میں ڈسپلے کے اندر فنگر پرنٹ سینسر دیا جائے گا۔
بڑی بیٹری
سام سنگ ایس ایٹ اور سام سنگ ایس ایٹ پلس میں 3 ہزار اور ساڑھے 3 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی تھی، جب کہ ایس نائن میں 4 ہزار ایم اے ایچ دیے جانے کا امکان ہے۔
ڈوئل کیمرہ
اگرچہ سام سنگ نے گلیکسی نوٹ 8 میں ڈوئل کیمرہ دیا تھا، تاہم کمپنی کے ایس سیریز کے کسی موبائل میں ڈوئل کیمرہ نہیں۔
تاہم ایس نائن مین ڈوئل کیمرہ دیا جائے گا، ساتھ ہی ایس نائن میں بہترین ہیڈ فون جیک بھی دیا جائے گا۔
ڈوئل فرنٹ اسپیکر
سام سنگ کے زیادہ موبائلز میں سنگل فرنٹ اسپیکر ہوتا ہے، تاہم ایس نائن میں اعلیٰ کوالٹی کے ڈوئل اسپیکر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔