• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سری لنکا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی شکست، سیریز پاکستان کے نام

شائع October 27, 2017 اپ ڈیٹ October 28, 2017
سری لنکا کے گناتھیلاکا 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی
سری لنکا کے گناتھیلاکا 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:اے پی

پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

ابو ظہبی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو سری لنکا نے جیت کے لیے 125 رنز کا ہدف دے دیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو فخرزمان ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 30 کے اسکور پر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعدبابر اعظم صرف ایک رن کا اضافہ کر پائے اور اوڈانا کی وکٹ بن گئے۔

شعیب ملک اور احمد شہزاد نے اسکور کو 50 تک پہنچایا مگر احمد شہزاد 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور شعیب ملک صرف 5 رنز کے اضافے پر آؤٹ ہو کر پاکستان کو چوتھا نقصان پہنچا گئے۔

کپتان سرفراز احمد اور محمد حفیظ نے ٹیم کے اسکور کو 94 رنز تک پہنچایا مگر اہم وقت پر محمد حفیظ بھی آؤٹ ہوئے جس کے فوری بعد عماد وسیم 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستانی ٹیم دباؤ کا شکار ہوئی تاہم کپتان کی موجودگی سے کچھ سہارا نظر آرہا تھا لیکن جب سرفراز احمد بھی 28 رنز بنا کر 104 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے 12 رنز درکار تھے لیکن پہلی ہی گیند پر بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے فہیم اشرف سنجایا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے لیکن شاداب خان نے آخری اوور میں بلند و بالا چھکا مار کر پاکستان کو مسلسل دوسری جیت دلوائی۔

پاکستان نے مقررہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

شاداب خان 16 اور حسن علی 3 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں سری لنکن بیٹنگ پراعتماد آغاز کےباوجود ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 125 رنز کا آسان ہدف دے دیا۔

سری لنکا کی جانب سے منوویرا اور گناتھیلاکا نے بیٹنگ کا آغاز کیا اور ابتدائی 6 اوورز میں 42 رنز کا اضافہ کیا اور پاکستانی باؤلر انھیں آؤٹ کرنے میں ناکام رہے۔

منوویرا آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جو 19 رنز بنا کر عماد وسیم کی بہترین فیلڈنگ کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد گناتھیلاکا نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن ٹیم کو ایک بڑے اسکور تک لے جانے میں ناکام رہے۔

گناتھیلاکا اور سماراوکرما نے سری لنکا کے اسکور کو 106 رنز تک پہنچایا تاہم سمارا وکرما 32 رنز بنا کر محمد حفیظ اور سرفراز کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے جس کے بعد سری لنکا کے بلے باز مسلسل آؤٹ ہوتے رہے اور ایک بڑے اسکور کے لیے رکھی گئی بنیاد کو غلط ثابت کردیا۔

سری لنکا کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گناتھیلاکا تھے جو اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، گناتھیلاکا کے 51 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوتے ہی 109 رنز پر ہی پراسنا بھی آؤٹ ہوگئے تو مہمان ٹیم کے 4 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

کپتان تھیسارا پریرا بھی ناکام ہوئے اور 3 رنز بنا کر محمد حفیظ کا نشانہ بنے، اوڈانا 6، اوداواتے صفر، شناکا اور پتھیرانا ایک، ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی پہلی ہیٹ ٹرک کی جو پاکستان کی جانب سے بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کسی بھی باؤلر کی پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔

سری لنکا نے مقررہ اوورز کے اختتام پر 9 وکٹیں کھو کر124 رنز بنا کر پاکستان کو ایک آسان ہدف دے یا۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی نے 2 اور شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے دونوں ٹیموں نے کوئی تبدیلی نہیں کی اور پہلے میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: سرفرازاحمد (کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی، عثمان خان

سری لنکا: تھیسارا پریرا (کپتان)، دانوشکا گناتھیلاکا، دلشان مونویرا، سدیرا سماراوکراما، ایشان پریانجان، مہیلا ادواتے، سچیتا پتھیرانا، داسن شاناکا، سیکوگے پراسنا، اسورو اڈانا، ویکوم سنجایا

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024