• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

آفس کا تنازع:ایدھی فاؤنڈیشن کو ٹھٹھہ میں زمین فراہم کرنے کی ہدایت

شائع October 26, 2017

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدر آباد کے کمشنر کو ٹھٹھہ میں ایدھی فاؤنڈیشن کو دفتر کی جگہ فراہم کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی۔

فیصل ایدھی اور بلقیس ایدھی کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن انسانیت کی بہترین خدمت کر رہا ہے اور کسی کو ان کی اراضی پر قبضہ کرنے یا ان کے فلاحی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کمشنر حیدر آباد نے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا کہ ٹھٹھہ کی مقامی انتظامیہ نے ایدھی سینٹر کو سیل نہیں کیا بلکہ عدالت کے احکامات پر اسے بند کیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کمشنر کو ایدھی فاؤنڈیشن کو مناسب جگہ فراہم کرنے کی ہدایت کی، تاکہ وہ کیس کا فیصلہ آنے تک وہاں اپنا دفتر قائم کرسکیں۔

انہوں نے کمشنر کو ایدھی فاؤنڈیشن کے تحفظات کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’ایدھی فاؤنڈیشن انسانیت کی خدمت کر رہا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی ہر ممکن مدد کریں۔‘

مزید پڑھیں: منفی پروپیگنڈہ: ’ایدھی فاؤنڈیشن کی عطیات میں کمی کا خدشہ'

انہوں نے کمشنر کراچی سے بھی رابطہ کرکے انہیں فیصل ایدھی سے ملاقات کرکے ان کے خدشات دور کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ انتہائی حیران کن اور افسوس کی بات ہے کہ لینڈ مافیا، ایدھی فاؤنڈیشن کی اراضی پر قبضہ کر رہا ہے۔‘

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم فیصل ایدھی جیسے لوگوں سے رابطے میں رہیں، تاکہ وہ اپنی خدمات جاری رکھ سکیں اور اسے مزید بہتر بنا سکیں۔‘

قبل ازیں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے بھی ایدھی فاؤنڈیشن کے ٹھٹھہ سینٹر کو مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع پر بند کرنے کا نوٹس لیا تھا۔

انہوں نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سے معاملے کی رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت کی تھی، تاکہ ٹھٹھہ کی مقامی پولیس کی مدد سے سینٹر کو سیل کرنے کی وجوہات سامنے آسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایدھی کا مشن زندہ: 'لگتا ہے وہ کبھی گئے ہی نہیں'

گزشتہ روز معروف سماجی کارکن مرحوم عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی اور بیٹے فیصل ایدھی نے سندھ کے متعدد شہروں اور قصبوں میں ’بااثر مقامی افراد‘ کی جانب سے ایدھی ویلفیئر سینٹرز پر قبضے کا دعویٰ کیا تھا۔

اپنی پریس کانفرنس کے دوران فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ ایک ہزار اسکوائر گز پر محیط ٹھٹھہ ویلفیئر سینٹر کو مقامی انتظامیہ نے، ایک شخص سے جائیداد کے تنازع پر عدالتی حکم پر بند کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024