• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان کو تاریخ کے بدترین بحران کا سامنا ہے، جاوید ہاشمی

شائع October 23, 2017

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سینیئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کو جس طرح کے بحران کا سامنا آج ہے ملکی تاریخ میں کبھی نہیں تھا اور ہم زندہ رہنے کے لیے کسی نہ کسی بحران کی تلاش میں رہتے ہیں۔

اسلام آباد میں ملکی سیاسی صورت حال کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ 'یہ آئین کے بغیر چلنے والی سرزمین ہے اور کہا جاتا ہے کہ ہم کسی بحران کی طرف جا رہے ہیں، زندہ رہنے کے لیے ہم کسی نہ کسی بحران کی تلاش میں رہتے ہیں'۔

ماضی میں ہونے والی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بد قسمتی ہے کہ 1973 اور 1956 میں اپنی مرضی کے آئین بنائے گئے اور' آئین کو تبدیل کرنے کے لیے سول و عسکری قوتیں اس کو اپنے پاؤں کی ٹھوکر پر رکھتی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایمرجنسی پر چلایا جس کے بعد بعد ضیا الحق آئے اور وہ تو خود آئین تھے'۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ 'ہم وہ قوم نہیں بن سکے جو اپنے آئین کا احترام کرتی ہیں اورگزشتہ 70 سال میں کبھی ایسا بحران نہیں آیا جو آج ملک میں ہے'۔

'سپریم کورٹ سے زیادہ تباہی کسی نے نہیں مچائی'

سنیئر سیاست دان نے عدالت عظمیٰ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'پرویز مشرف نے بھی دو مرتبہ آئین توڑا اور عدالت عظمی نے مشرف کو آئین میں تبدیلی کا اختیار دیا'۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ آئین سے کھیلنا اور مرضی سے تبدیل کرنا کچھ طبقات کا موروثی کام ہے، ہمارے تین سابق فوجی سربراہ ملک سے باہر تھنک ٹینکس میں بیٹھے ہیں، جن لوگوں کو ہم اپنے جگر کی بوتلیں لگاتے ہیں وہ سبکدوش ہو کر دوسروں کی خدمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جتنی تباہی اس ملک میں سپریم کورٹ نے مچائی اتنی کسی اور نے نہیں مچائی'۔

انھوں نے کہا کہ 'میں موجودہ سپریم کورٹ کی بات نہیں کر رہا کیونکہ معلوم ہے کہ اگر موجودہ سپریم کورٹ کے بارے میں کوئی بات کی تو توہین عدالت ہو جائے گی'۔

سینیرسیاست دان نے کہا کہ 'موجودہ چیف جسٹس نے تو ائیر پورٹ پر سر عام میرا ہاتھ چوما تھا میں ان کے خلاف کوئی بات کیسے کر سکتا ہوں'۔

انھوں نے کہا کہ 'سپریم کورٹ کے کئی ججوں نے قسمیں کھا کر ایک سے زائد پلاٹ لیے، توبہ توبہ، میں موجودہ ججوں کی بات نہیں کر رہا یہ تو ولی اللہ ہیں'۔

سابق وزیراعظم کی نااہلی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ 'نواز شریف کی نا اہلی پر سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں انصاف نہیں کیا'۔

'عمران خان کی سیاست ختم نہیں کرنا چاہتا تھا'

جاوید ہاشمی نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے خود کش حملہ کرکے اپنی نشست چھوڑی تھی، اگر میں استعفی نہ دیتا تو پارلیمنٹ کا آخری دن ہوتا'۔

پی ٹی آئی کے سابق سینیئررہنما کا کہنا تھا کہ مجھے مسلم لیگ (ن) نے فارورڈ بلاک بنانے کا مشورہ دیا تھا جس پرمیں نے انکار کیا حالانکہ پی ٹی آئی کے 15 اراکین اسمبلی کی حمایت مجھے حاصل تھی'۔

انھوں نے کہا کہ 'شاید مجھے ایسا کرنے پر وزیراعظم کا پروٹوکول ملتا لیکن میں عمران خان کی سیاست ختم نہیں کرنا چاہتا تھا'۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ 2014 میں طاہر القادری اور عمران خان کو اکٹھا کرنے والوں نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم سے بھی معاملات طے کر لیے تھے۔

مشرف 1998 میں ایٹمی دھماکے نہیں کرنا چاہتے تھے'

انھوں نے کہا کہ 'ملک کے میڈیا سے اپیل ہے کہ اپنے پروگراموں میں سابق فوجیوں کو نہ بلائیں کیونکہ ٹی وی دیکھ کر لگتا ہے کہ اب بھی مشرف کا دور ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'فوج کی ضرورت ملک کے دفاع کےلیے ہے، ترکی نے اپنی فوج کو کہا کہ بیرکوں میں بیٹھیں'۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ 'مشرف نے نیب ایک پارٹی بنانے کے لیے قائم کیا تھا اگر سیاست دانوں نے احتساب کا ادارہ نہ بنایا تو نیب کو ہی بھگتنا پڑے گا'۔

ایٹمی دھماکوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق مسلم لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ '1998 میں اس وقت کے فوج کے سربراہ ایٹمی دھماکے کرنے کے حق میں نہیں تھے جس کی گواہی ڈاکٹر عبدالقدیر نے دی'۔

مشرف کے نقطہ نظر پر انھوں نے کہا کہ 'نواز شریف کارگل جنگ کے دوران امریکا سے واپس آئے تو مشرف چکلالہ میں ان کی آمد پر ناچتے رہے اور نعرے لگا رہے تھے کہ نواز شریف قدم بڑھاؤ ہم تمہارے ساتھ ہیں'۔

انھوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'خدا کے لیے ایک دوسرے کو آنکھیں مت دکھاؤہمارے لیے پاکستان کے عوام آقا ہیں اور کوئی نہیں، نواز شریف آسمان سے اترا اوتار نہیں اور نہ ہی کوئی ولی اللہ ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'غلطی سب سے ہوتی ہے لیکن بندوق رکھ کر کسی کو عہدے سے نہیں اتارا جا سکتا، پاکستان میں اداروں کے درمیان تناؤ کب نہیں تھا'۔

سابق رکن اسمبلی نے کہا کہ غلطی کسی سے بھی ہو سکتی ہے لیکن سزا کےلیے ادارے ہونے چاہئیں، فوج نے تو احتساب کے ادارے بنانے سے نہیں روکا۔

انھوں نے کہا کہ 'مشرف بھگوڑا ہے اور جس نے مشرف کو پکڑنے کا کہا وہ پورا خاندان خود پکڑا گیا'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024