عثمان کی 5 وکٹیں، پاکستان کا سری لنکا کیخلاف 5-0 سے کلین سوئپ
شارجہ: عثمان خان شنواری کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا کو سیریز کے پانچویں ون ڈے میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
شارجہ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو انتہائی تباہ کن ثابت ہوا۔
کیریئر کا دوسرا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان خان شنواری نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے اپنی ابتدائی 21 گیندوں پر پانچ سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے سری لنکن بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
نوجوان فاسٹ باؤلر نے پہلے ہی اوور میں سدیرا سماراوکراما اور دنیش چندیمل کو آؤٹ کر کے اپنے خطرناک عزائم ظاہر کر دیے۔
مزید پڑھیں: سری لنکا نے کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا
انہوں نے بہترین باؤلنگ جاری رکھتے ہوئے اگلے اوور میں اپل تھارنگا اور نروشن ڈکویلا کو آؤٹ کیا تو سری لنکن ٹیم آٹھ رنز پر چار وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی۔
اسکور ابھی 20 تک ہی پہنچا تھا کہ عثمان نے اپنے اسپیل کی 21ویں گیند پر ملندا سری وردنا کو فخر زمان کو کیچ کرا کر کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔
20 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد لہیرو تھری مانے اور سکیگو پرسنا نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور وکٹیں گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کیلئے روک دیا تاہم 49 رنز کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے لہیرو تھریمانے کو پویلین کی راہ دکھائی۔
63 کے مجموعے پر مشکلات سے دوچار ٹیم نے غیر ضروری رن لینے کی کوشش میں ساتویں وکٹ گنوائی۔
تھسارا پریرا نے چند بڑے شاٹس کھیل کر اسکور کو 85 تک پہنچایا بعدازاں 85 رنز کے مجموعی اسکور پر شاداب نے پریرا اور ویندرسے کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو آٹھواں اور نواں نقصان پہنچایا۔
چمیرا نے جیسے تیسے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن 103 کے مجموعے پر حسن علی نے انہیں آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔
پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے ٹیم کو 84 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فخر آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے جو 47 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلے کے بعد پویلین لوٹے۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان شنواری نے دوسرے ہی ون ڈے میں ریکارڈ بنا دیا
امام الحق نے 21ویں اوور کی دوسری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو نو وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا، انہوں نے 45 رنز بنائے۔
میچ میں نو وکٹ کی فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ بھی مکمل کر لیا اور یہ 2008 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے کسی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے۔
عثمان شنواری کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ حسن علی کو 14 وکٹیں لینے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
تبصرے (1) بند ہیں