• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

عمران خان کی تبدیلی، نوازشریف کی ترقی، ’دونوں جھوٹ پر مبنی'

شائع October 22, 2017

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی تبدیلی اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کی ترقی کو جھوٹ قرار دے دیا۔

پشاور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک نااہل وزیراعظم نواز شریف کی وفاقی حکومت نے دھوکا دیا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ ترقی کسے کہتے ہیں، عوام پریشان ہے، سینکڑوں مل اور کارخانے بند ہو رہے ہیں لوگ بیروز گار ہیں کسان کو ان کی فصل کی قیمت نہیں مل رہی جبکہ لوگ ڈگری لے کر در بدر گھوم رہے ہیں، کوئی روزگار نہیں اور کوئی ایک طبقہ بھی آپ کی ترقی سے خوش نہیں۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر ایک مرتبہ پھر الزام لگایا کہ ترقی صرف میاں صاحب کے اثاثوں میں آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب نواز شریف کی ترقی دھوکا تو دوسری جانب عمران خان کی تبدیلی صرف جھوٹ ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف انتشار کی سیاست کرتے ہیں اور دوسروں کو گالی دیتے ہیں جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ملک کے نامور سیاستدانوں کی تذلیل کرکے خوش ہوتے ہیں۔

انہوں نے پشاور میں موجود کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کونسی تبدیلی آئی ہے آپ کے صوبوں میں؟

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان دوسروں پر کرپشن کا الزام لگا کر خود کو پاک ثابت کرنا چاہتے ہیں جبکہ یہاں خیبر پختونخواہ میں ان کی ناک کے نیچے کرپشن ہو رہی ہے لیکن ان کے خلاف کرپشن کیس کی تحقیقات نہیں کی جاتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کرپشن کی نشاندہی ہم نے نہیں بلکہ ان ہی کے ساتھی کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن کو عمران خان کرپٹ کہتے تھے وہ آج ان کے دائیں بائیں کھڑے ہیں جبکہ عمران خان نے خود دعویٰ کیا کہ شکر ہے ہم نے وفاقی حکومت نہیں بنائی ورنہ اس کا حال بھی کے پی کے جیسا ہوتا۔

عمران خان کی تبدیلی کے نعرے کو چیلنج کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کے دعوے بھی جھوٹے ہیں، چیلنج کرتا ہوں مجھے ایک سو بچہ دکھا دیں جو پرائیویٹ اسکول سے نکل کر سرکاری اسکولوں میں گیا ہو جبکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور نرسیں احتجاج کر رہے ہیں، انہیں تنخواہیں نہیں دی جاتیں لیکن اس صوبے کی حکومت کسی مظلوم کی آواز نہیں سن رہی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم اور علاج تو مفت ہونا چاہیے یہ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ایک نیا ہسپتال تک نہیں بنایا۔

انہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سندھ میں کئی نئے ہسپتال قائم کیے گئے ہیں جن میں سب کا مفت علاج ہورہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پی کے کے عوام کے وسائل کو دوسری حکومتوں کے خلاف سازشوں میں استعمال کر رہے ہیں جو عوام کا حق تھا۔

ضمنی انتخاب کے حوالے سے بلاول بھٹو نے عوام سے اپیل کی آپ کو سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے صرف پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جس کے پاس نظریہ اور ایک منشور ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024