• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

افغانستان: ملٹری اکیڈمی میں خودکش دھماکا، 15 ہلاک

شائع October 21, 2017

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زیرتربیت فوجی کیڈٹس کے مرکز میں خود کش دھماکے سے 15 زیرتربیت اہلکار ہلاک ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا کہ 'دوپہر کے وقت جب کیڈٹس کو لے جانے والی بس ملٹری اکیڈمی سے باہر آرہی تھی تو ایک خود کش حملہ آور نے اس کو نشانہ بنایا'۔

دولت وزیری کا کہنا تھا کہ 'خودکش حملہ آور پیدل تھا اور دھماکے کے نتیجے میں 15 کیڈٹس ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے'۔

خیال رہے کہ افغان دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا خود کش دھماکا ہے جبکہ گزشتہ چار روز میں یہ ساتواں واقعہ ہے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد دوسو سے زائد ہوگئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں:افغانستان: مساجد میں دھماکے، 63 افراد ہلاک

افغانستان میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات سے جنگ زدہ ملک کی سیکیورٹی کی صورت حال پر تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دہشت گردوں کی جانب سے پچھلے ایک ہفتے کے دوران پانچویں مرتبہ افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے جو پہلے ہی ہلاکتوں اور خطرناک صورت حال کے باعث دباؤ کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ افغان دارالحکومت کابل میں گزشتہ روز دو مساجد کو نشانہ بنایا گیا تھا جہاں پہلے ایک امام بارگاہ میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے جبکہ دوسری مسجد میں فائرنگ اور دھماکے سے 33 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان: فوجی کیمپ پر حملہ، 41 اہلکار ہلاک

کابل میں گزشتہ روز مساجد میں ہونے والے حملوں میں مجموعی طور پر 63 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ کے آخر میں ایک امام بارگاہ میں ہوئے دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔

دو روز قبل افغانستان کے صوبے قندھار میں افغان نیشنل آرمی کے ایک بیس کیمپ پر خود کش حملے کے نتیجے میں 41 اہلکار ہلاک اور 24 زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس سے قبل جنوب مشرقی صوبے پکتیا میں قائم پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے خود کش حملے اور مسلح جھڑپ کے نتیجے میں 32 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

رواں سال جون میں کابل میں شہر کی تاریخ کا بدترین دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں 150 کے قریب افراد ہلاک ہوگئے تھے اور یہ خودکش دھماکا ایک ایسے علاقے میں ٹرک کے ذریعے کیا گیا تھا جہاں دنیا کے اہم ممالک کے سفارت خانے واقع ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024