• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'نہیں جانتی مستقبل میں فل ٹائم اداکارہ بنوں گی یا نہیں'

شائع October 21, 2017
زائرہ وسیم اب تک دو فلموں میں کام کرچکی ہیں —۔
زائرہ وسیم اب تک دو فلموں میں کام کرچکی ہیں —۔

بولی وڈ اداکارہ اداکارہ زائرہ وسیم اس وقت اپنے آپ کو فل ٹائم اداکارہ تصور نہیں کرتیں۔

زائرہ وسیم کو ان کی ڈیبیو فلم ’دنگل‘ اور اب دوسری فلم ’سیکرٹ سُپر اسٹار‘ دونوں کے لیے ہی تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل ملا، اس کے باوجود انہوں نے اداکاری کو اپنا کیریئر بنانے کے حوالے سے اب تک نہیں سوچا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کشمیر میں پیدا ہونے والی زائرہ وسیم کا کہنا ہے کہ وہ بولی وڈ فلموں کو دیکھتے ہوئے بڑی نہیں ہوئیں اور نہ ہی وہ اداکارہ بننے کی خواہشمند تھیں۔

مزید پڑھیں: ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ ریلیز

16 سالہ زائرہ کا کہنا تھا، ’مجھے ابھی تک معلوم نہیں کہ میں اپنے مستقبل میں ایک فل ٹائم اداکارہ بنوں گی یا نہیں، لیکن جب بھی میں اداکاری کرتی ہوں، میں کوشش کرتی ہوں کہ اپنا بہترین کام کروں، میری دونوں فلموں کی کہانی نہایت بہترین تھی‘۔

اپنی فلم ’دنگل‘ کے آڈیشنز کے وقت کو یاد کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا، ’میں یہ سوچ کر بالکل نہیں گئی تھی کہ مجھے منتخب کرلیا جائے گا، میں خوش قسمت تھی کہ مجھے منتخب کیا گیا، پھر عامر خان کے ساتھ دو مرتبہ کام کیا یقیناً میں خوش نصیب ہوں‘۔

عامر خان نے ’دنگل‘ اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ دونوں ہی فلموں میں اہم کردار ادا کیا، تاہم زائرہ کے مطابق ’عامر خان نے ہمیشہ یہی کوشش کی کہ ان کے کام کی وجہ سے میرا کام چھپ نہ جائے‘۔

یہ بھی پڑھیں: سیکرٹ سپر اسٹار! ’برقع میں ملبوس گٹار بجاتی لڑکی‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’سب نے میرے کام کی تعریف کی اور مجھے بےحد پیار دیا ہے‘۔

فلم سیکریٹ سپر اسٹار میں زائرہ وسیم نے مرکزی کردار ادا کیا —۔
فلم سیکریٹ سپر اسٹار میں زائرہ وسیم نے مرکزی کردار ادا کیا —۔

اپنی دونوں فلموں میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے باوجود زائرہ کا ماننا ہے کہ وہ آج بھی بالکل پہلے جیسی ہیں۔

ان کا کہنا تھا، ’یقین کریں مجھ میں کچھ تبدیل نہیں ہوا، میں آج بھی پورا ایک دن کمرے میں بیٹھے کچھ کھاتے ہوئے گزار سکتی ہوں، یا اپنی بلیوں کے ساتھ کھیلتی رہتی ہوں، میرے پاس تین بلیاں ہیں، ان میں سے ایک سیاہ، ایک براؤن اور ایک سفید ہے اور میں ان سے بےحد محبت کرتی ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’سیکریٹ سُپراسٹار، دنگل سے بڑی فلم ہوگی‘

خیال رہے کہ زائرہ کی فلم ’دنگل‘ گزشتہ سال ریلیز ہوئی، جس نے باکس آفس پر اپنی شاندار کارکردگی سے بہت سے ریکارڈ توڑے۔

اس فلم کی کہانی مہاویر سنگھ پھوگٹ نامی پہلوان کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیٹیوں کو پہلوانی سکھاتا ہے۔

جبکہ زائرہ کی دوسری فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ ایک ایسی بچی کی کہانی ہے جس کے والد بہت سخت ہوتے ہیں، وہ گلوکارہ بننا چاہتی ہے تاہم اس کے والد یہ خواہش پوری نہیں ہونے دینا چاہتے، جس کے بعد وہ اپنا چہرا چھپا کر سوشل میڈیا کی مدد سے اپنی گلوکاری دنیا کو سناتی ہے‘۔

ان دونوں ہی فلموں میں ہندوستانی تجزیہ کاروں نے زائرہ وسیم کی اداکاری کو خوب سراہا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024