سلمان مجاہد بلوچ کو ایم کیو ایم پاکستان سے خارج کردیا گیا
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت خارج کردی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رابطہ کمیٹی نے تنظیمی ڈسپلینری کمیٹی کی سفارش پر رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کو تنظیمی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں کی بنیاد پر بنیادی رکنیت سے خارج کردیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سلمان مجاہد کا اب ایم کیو ایم پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق سلمان مجاہد بلوچ کی رکنیت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے حق میں میڈیا پر بیان دینے کے تناظر میں خارج کی گئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ سلمان مجاہد کو پارٹی سے نکالے جانے کے بعد ان سے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سلمان مجاہد بلوچ کی مبینہ دھمکی آمیز کال بھی سامنے آئی تھی۔
دھمکی مبینہ طور پر ڈی ایم سی ویسٹ سب ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو نفیس نامی شخص کا پیٹرول بند کرنے پر دی گئی تھی۔