• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

عمران خان نااہلی کیس: ’چیئرمین پی ٹی آئی کا موقف عدالتی نظام کی توہین‘

شائع October 20, 2017

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے سپریم کورٹ میں عمران خان کے خلاف جاری منی ٹریل پر مزید اعتراضات اٹھاتے ہوئے متفرق درخواست عدالت میں دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست عدالتی نظام کی توہین ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے سپریم کورٹ سے عمران خان کی جانب سے موقف میں تبدیلی کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا بھی کر دی۔

سپریم کورٹ میں دائر متفرق درخواست میں حنیف عباسی نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کا پہلے موقف کو یاداشت اور غلط مشورہ کہنے کا کوئی جواز نہیں، عدالت کے سامنے غلط بیانی پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں: ’عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیس کا فیصلہ ایک ساتھ کریں گے‘

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی درخواست میں نہیں بتایا گیا کہ موقف میں کہاں اور کیا تبدیلی کرنی ہے جبکہ قانون کے مطابق موقف میں درکار تبدیلی واضح کرنا ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ موقف میں تبدیلی کی اجازت دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہوگا۔

حنیف عباسی کے مطابق عمران خان کی درخواست عدالتی نظام کی توہین ہے اور لندن فلیٹ سے متعلق سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے جھوٹ بولا گیا جبکہ عمران خان جواب میں کہہ چکے ہیں کہ نیازی سروسز بے وقعت ہوچکی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آف شور کمپنی صرف لندن فلیٹ کی خریداری کے لیے بنائی گئی جبکہ فلیٹ کی فروخت کے بعد بھی نیازی سروسز کے اکاؤنٹ میں ٹرانزیکشنز ہوتی رہیں اور فروخت سے پہلے لندن فلیٹ کی فروخت سے ملنے والی رقم اثاثہ تھی۔

حنیف عباسی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیازی سروسز کے اکاؤنٹ میں موجود ہزاروں پاؤنڈز گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے گئے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے مطابق قانونی چارہ جوئی کے لیے مختص ایک لاکھ پاؤنڈ میں سے صرف 25 ہزار سولیسٹر کو ادا ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان دوسروں پر دیانتدار نہ ہونے کے الزامات لگاتے ہیں جبکہ اپنے عمل سے خود بھی راست گوہ اور صادق و امین نہیں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: نااہلی کیس: عمران خان کی متفرق درخواست پر حنیف عباسی سے جواب طلب

اس سے قبل 18 اکتوبر کو سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نا اہلی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کے خلاف نااہلی کیس کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں اور مشترک سوالات کی وجہ سے دونوں مقدمات کا فیصلہ ایک ساتھ کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین پر اثاثے چھپانے اور آف شور کمپنیاں رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انھیں نااہل قرار دینے کی علیحدہ علیحدہ درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024