• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پاکستان، امریکا سے تعلقات میں بہتری کا خواہاں

شائع October 20, 2017

اسلام آباد/واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹلرسن کی جانب سے آئندہ ہفتے پاکستان کے دورے کے حوالے سے پاکستانی حکام بہت پُرامید ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدہ تعلقات بہتری کی جانب جاتے نظر آرہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی پر ہندوستان اور پاکستان کے حکام سے بات چیت کے لیے اپنے دورے (20 اکتوبر سے 27 اکتوبر تک) کے شیڈول جاری ہونے سے ایک روز قبل ریکس ٹلرسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

اسلام آباد میں موجود دفتر خارجہ کا ماننا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی بہتری دوطرفہ تعاون میں اضافے کا باعث ہوگی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ’بظاہر اعلیٰ سطح پر دیئے جانے والے بیانات کو ہم مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھ رہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: پاکستان پر نظر رکھنے کیلئے بھارت کی مدد چاہتے ہیں: امریکا

تاہم گذشتہ روز اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کا کہنا تھا کہ امریکا، پاکستان پر نظر رکھنے کے لیے بھارت سے بھی مدد لے سکتا ہے کیونکہ واشنگٹن خطے میں ایسی حکومت کو برداشت نہیں کرے گا جو دہشت گردوں کو پناہ دیتی ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان کے حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے حال ہی میں اعلان کی گئی نئی پالیسی کے حوالے سے اسلام آباد کی اہم تشویش بھارت کو خطے میں سیکیورٹی سے متعلق کردار ادا کرنے کے لیے زور دینا بھی شامل ہے، جس کی پاکستان شدید مخالفت کررہا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں، جن میں سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹلرسن بھی شامل ہیں، نے بھی بھارت کے ممکنہ کردار پر بات کی ہے۔

ایسی صورت حال میں دفتر خارجہ کی جانب سے امریکی سفارت کار نکی ہیلی کے بیان کو سنجیدہ نہ لینا ایک غیر معمولی بات ہے۔

یہ اُمید کی جارہی ہے کہ ریکس ٹلرسن کے دورے سے قبل دفتر خارجہ کسی بھی قسم کے متنازع بیان سے بچنا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے آئندہ ہفتے ہونے والے سینئر امریکی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ آئندہ ہفتے امریکا کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ اسلام آباد متوقع ہے جو متعدد سطح پر ہونے والی دو طرفہ بات چیت اور تفہیم کا نتیجہ ہے‘۔

ٹرمپ اور ٹلرسن کی ملاقات

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ریکس ٹلرسن نے ریاض، دوحہ، اسلام آباد، نیو دہلی اور جنیوا کے دورے سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی۔

ایک جاری بیان میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ اپنے دورے کے دوران اسلام آباد میں سیکریٹری آف اسٹیٹ پاکستان کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور ’ہمارے مضبوط دو طرفہ تعاون، جنوبی ایشیا کے لیے ہماری کامیاب حکمت عملی کے حوالے سے پاکستان کے کردار اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات بڑھانے‘ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024