• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

’عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیس کا فیصلہ ایک ساتھ کریں گے‘

شائع October 18, 2017

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین نا اہلی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کے خلاف نااہلی کیس کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں اور مشترک سوالات کی وجہ سے دونوں مقدمات کا فیصلہ ایک ساتھ کریں گے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی کے لیے دائر پٹیشن کی سماعت کی، جس کے آغاز میں چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشترک سوالات کی وجہ سے دونوں مقدمات کا فیصلہ ایک ساتھ کریں گے۔

حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عمران خان نے موقف تبدیلی کی درخواست میں عدالت سے چاند مانگ رہے ہیں، موقف تبدیلی درخواست کی ماضی میں کوئی مثال نہیں۔

دوسری جانب جہانگیر ترین کے وکیل سکندر بشیر نے اپنے دلائل میں کہا کہ سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن کے سیکشنز 15 اے اور بی میں فنانس بل کے ذریعے ترمیم غیر آئینی ہے جبکہ عدالت آئین سے بر خلاف ایسی ترمیم کو از خود نوٹس اختیار کے ذریعے کالعدم قرار دے سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: نااہلی کیس: عمران خان کی متفرق درخواست پر حنیف عباسی سے جواب طلب

ان کا کہنا تھا کہ ان سائیڈ ٹریڈنگ کا جرم نیت سے متعلق ہے جبکہ جہانگیر ترین نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا اور نہ ہی میرے موکل کو اس حوالے سے کبھی ایس ای سی پی نے نوٹس بھیجا۔

جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کو اسٹاک کی قیمتوں کا علم ہو اور وہ اس سے فائدہ اٹھا لے تو معاملہ نیت کا نہیں جبکہ یہ تو طے شدہ بات ہے، جہانگیر ترین اس بات سے انکار نہیں کر رہے کہ حصص کا انکو علم تھا اور جہانگیر ترین اس وقت حصص خریدنے والی کمپنی میں کا عہدے پر تھے۔

انہوں نے استفسار کیا کہ یہ حصص کل کتنی مالیت کے تھے؟ آپ سوالوں کے جواب دینے کے بجائے ادھر ادھر سے نکل رہے ہیں۔

وکیل سکندر بشیر نے کہا کہ ادھر ادھر سے نہیں نکل رہا، ہر شہری کی طرح جہانگیر ترین کو بھی آرٹیکل فور کا تحفظ حاصل ہے اور جہانگیر ترین اس وقت کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تھے۔

چیف جسٹس نے کہا بتائیں کہ اللہ یار اور حاجی خان نے جو حصص خریدے اس سے کتنا فائدہ ہوا اور رقم کس کی تھی؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ جہانگیر ترین کے ملازموں نے چار کروڑ 19 لاکھ کے شیئر خریدے اور 11 کروڑ 27 لاکھ روپے میں فروخت کیے۔

جہانگیر ترین کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ ملازمین کو رقم جہانگیر ترین نے فراہم کی تھی اور سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن کی جن دو شقوں کے تحت جہانگیر ترین سے رقم واپس لی گئی، وہ شقیں آئین سے متصادم ہیں جبکہ جہانگیر ترین کو ایسے قانون کے تحت قصور وار قرار نہیں دیا جا سکتا جو غیر قانونی ہے۔

اس موقع پر جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ کیا جہانگیر ترین کا ذاتی مفاد کے لیے مخصوص معلومات کا استعمال درست ہے؟ بظاہر وکیل جہانگیر ترین نے تکنیکی نکات علاوہ ان سائیڈ ٹریڈنگ کے میرٹ پر کوئی بات نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: نااہلی کیس: عمران خان نے ایک لاکھ پاؤنڈ سے متعلق جواب جمع کرادیا

جس پر وکیل سکندر بشیر نے کہا کہ جہانگیر ترین کو آرٹیکل چار کے تحت وہی حقوق حاصل ہیں جو کسی دوسرے شہری کو حاصل ہیں۔

جس کے بعد سپریم کورٹ نے مقدمہ کی سماعت 18 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

گذشتہ روز سپریم کورٹ نے عمران خان نااہلی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی جانب سے ایک لاکھ پاؤنڈ کے منی ٹریل سے متعلق جمع کرائی گئی دستاویزات اور متفرق درخواست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی سے جواب طلب کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین پر اثاثے چھپانے اور آف شور کمپنیاں رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انھیں نااہل قرار دینے کی علیحدہ علیحدہ درخواستیں سپریم کورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024