• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لاہور ایئرپورٹ پر نایاب’بازوں‘کی اسمگلنگ ناکام،قطری شہری گرفتار

شائع October 17, 2017

لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 5 کروڑ مالیت کے 9 نایاب ’باز‘ کی مبینہ اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے قطری شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔

محکمہ جنگلی حیات کے ڈائریکٹر جنرل خالد غیاث خان نے کہا کہ مشتبہ احمد حسین علی محمد السعدا نامی قطری شخص نے کالے رنگ کے بڑے بیگ میں پرندوں کو چھپا رکھا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر نگراں پولیس نے شک کی بنیاد پر قطری شخص سے پوچھ گچھ کی اور بعد ازاں بازوں کی برآمدگی کے بعد اسے گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: نایاب بازوں کی رہائی

خالد غیاث نے بتایا کہ محکمے نے پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ 1974 کے تحت ملزم محمد السعدا کو چالان جاری کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نگراں اسکواڈ کے سربراہ ڈپٹی ڈائریکٹر گجرنوالا عبدالشکور مَنج نے مشتبہ شخص کے خلاف خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف) کی مدد سے اسے گرفتار کیا۔

ڈی جی نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ جنگلی حیات غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔

مزید پڑھیں: نایاب پرندے تلور کے شکار کیلئے اجازت نامے جاری

واضح رہے کہ پاکستان سے سالانہ تقریباً 6 ہزار نایاب بازوں کو مشرق وسطیٰ اسمگل کر کے شیخوں کو فروخت کردیا جاتا ہے۔

باز سائبیریا کے انتہائی سرد موسم سے بچنے اور مختصر وقت آرام کرنے کے لیے ہزاروں میل کا سفر کرتے ہوئے گرم جنوبی خطے کی طرف ہجرت کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024