مائیکرو سافٹ کا سب سے طاقتور لیپ ٹاپ متعارف
سافٹ ویئر ٹیکنالوجی گرو کمپنی مائیکرو سافٹ نے اپنا اب تک کا سب سے طاقتور اور بہترین لیپ ٹاپ فروخت کے لیے پیش کردیا۔
مائیکرو سافٹ کی جانب سے پیش کیا گیا سرفیس بک 2 دراصل کمپنی کی جانب سے 2015 میں پیش کیے گئے لیپ ٹاپ کا اپ ڈیٹ اور بہتر ورژن ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سرفیس بک 2 کی بیٹری 17 گھنٹے چلنے کی اہلیت رکھتی ہے، جب کہ اس بار لیپ ٹاپ کے کلرز کو بھی مزید بہتر بنایا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق لیپ ٹاپ کو 5 گھنٹے تک چارج کرنے کے بعد اس کی بیٹری کم سے کم 17 گھنٹے تک چلتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سب سے بہترین مائیکرو سافٹ فون سامنے آگیا
کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ سرفیس بک 2 امریکی کمپنی ایپل کے لیپ ٹاپ سے بھی بہترین اور طاقتور ہے، تاہم کمپنی نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ ان کا لیپ ٹاپ کس طرح ایپل کے لیپ ٹاپ سے طاقتور ہے۔
سرفیس بک 2 کو کمپنی نے 2 مختلف سائزز میں پیش کیا ہے، جب کہ 2015 میں پیش کیے گئے لیپ ٹاپ کو صرف ایک ہی سائز میں متعارف کرایا گیا تھا۔
مائیکرو سافٹ نے سرفیس بک 2 کے ساڑھے 13 اور 15 انچ اسکرین کے سائز کے مختلف ماڈلز پیش کیے ہیں۔
مزید پڑھیں: مائیکرو سافٹ کی ایک اور دلچسپ ٹیکنالوجی
ایک طرف جہاں کمپنی نے اپنے لیپ ٹاپ کو اب تک کا سب سے طاقتور اور بہترین کمپیوٹر قرار دیا ہے، وہیں اس کی قیمت بھی دوسروں کے مقابلے زیادہ ہے۔
اگر کہا جائے کہ سرفیس بک 2 نہ صرف مائیکرو سافٹ بلکہ دیگر حریف کمپنیوں کے لیپ ٹاپ سے بھی سب سے زیادہ مہنگا ہے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔
سرفیس بک کے 15 انچ اسکرین کے حامل لیپ ٹاپ کی قیمت 1499 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد رکھی گئی ہے۔
سرفیس بک 2 کو آئندہ ماہ 16 نومبر کو عام مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مائیکرو سافٹ کا نیا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم متعارف
خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ نے سرفیس بک 2 کو نہ صرف لیپ ٹاپ ورژن بلکہ ٹیبلیٹ ورژن سمیت اسٹوڈیو اور ویو ورژن میں بھی متعارف کرایا ہے۔
سولہ جی بی ریم کی حامل اس مشین میں کوڈ کور کا پروسیسر دیا گیا ہے، جب کہ اس بار اس میں ڈجیٹل اور ورچوئل گرافکس کی کوالٹی کے کلرز بھی استعمال کیے گئے ہیں۔