ماورا حسین کا نیا ڈرامہ تقسیم کے دور پر مبنی
پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے اپنے مقبول ڈرامے ’سمی‘ کے بعد ہم ٹی وی کے ایک اور خاص پروجیکٹ کو سائن کرلیا ہے۔
اس بار وہ تقسیم کے دور پر مبنی ڈرامے میں کام کرتی نظر آئیں گی اور یقیناً یہ ڈرامہ خاصا دلچسپ ہوگا۔
خیال رہے کہ تقسیم کے دور پر مبنی ایک ڈرامہ ’داستان‘ بھی ہم ٹی وی پر پیش کیا گیا تھا، جس میں فواد خان اور صنم بلوچ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، یہ 2010 کا کامیاب ڈرامہ ثابت ہوا تھا۔
ماورا حسین کے اس پروجیکٹ کا نام ’آنگن‘ ہے، جس کی ہدایات محمد احتشام دیں گے، جبکہ اس کی کہانی مصطفیٰ آفریدی نے تحریر کی ہے۔
مزید پڑھیں: ہندوستان میں پاکستانی 'داستان' کا چرچا
اس ڈرامے کی پروڈکشن مومنہ درید کررہی ہیں۔
اب تک اس ڈرامے میں صرف ماورا حسین کو کاسٹ کیا گیا ہے تاہم رپورٹس کے مطابق کچھ اور بڑے اداکار بھی اس ڈرامے کا حصہ بنیں گے۔
ماورا کے قریبی ذرائع کے مطابق اداکارہ طویل عرصے سے ایک مختلف انداز کا کردار کرنا چاہتی تھیں اور اب آخر کار انہوں نے اس ڈرامے کا انتخاب کیا، اب چونکہ اس ڈرامے کی کہانی ماضی پر مبنی ہے تو اس کے لیے بہت سی تیاریاں کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: 'سمی': غیرت کے نام پر قتل پر مبنی ڈرامہ
خیال رہے کے ہدایت کار احتشام کا کام ہمیشہ ہی شائقین میں بےحد مقبول ہوتا ہے، اس سے قبل انہوں نے ’اڈاری‘، ’صدقے تمہارے‘ اور ’اسیر زادی‘ جیسے ہٹ ڈرامے دیے ہیں۔
ماورا حسین نے بھی اپنے ڈرامے ’سمی‘ میں شاندار اداکاری کی اور اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ لوگ مل کر شائقین کو کس حد تک محظوظ کرپائیں گے۔