ورن دھون کے نام ایک بڑا اعزاز
بولی وڈ اداکار ورن دھون اپنے کیریئر میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، رواں سال دو بلاک بسٹر ہٹ فلموں میں کام کرنے کے بعد اب اداکار کا مومی مجسمہ بنانے کا اعلان بھی کردیا گیا۔
ورن دھون کی رواں سال دو فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘ اور ’جڑواں 2‘ شامل ہیں، ان دونوں ہی فلموں نے باکس آفس پر شاندار بزنس کیا۔
وہ نئی نسل کے پہلے نوجوان اداکار ہیں جن کا مومی مجسمہ ہانگ کانگ کے مادام تساؤ میوزیم کی زینت بنے گا۔
مزید پڑھیں: ’جڑواں ٹو‘ 200 کروڑ کلب میں شامل
اس میوزیم میں امیتابھ بچن اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کا مجسمہ بھی موجود ہے۔
خیال رہے کہ کئی بولی وڈ اداکاروں کے مومی مجسمے لندن کے مادام تساؤ میں موجود ہیں، ان میں شاہ رخ خان، سلمان خان، ہریتھک روشن، کترینہ کیف، کرینہ کپور، ایشوریا رائے بچن اور مادھوری ڈکشٹ شامل ہیں۔
اپنا مومی مجسمہ بننے کا اعلان اداکار نے ٹوئٹراکاؤنٹ پر کیا، ساتھ ساتھ ایسی تصاویر بھی شیئر کی جن میں اس میوزیم کی ٹیم مجسمے کے لیے ان کے لُکس کاپی کررہی ہے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کافی خوش ہیں اور اپنا مجسمہ دیکھنے کے لیے بےحد پرجوش بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: 'بدری ناتھ کی دلہنیا' کا ٹریلر ریلیز
ورن دھون اس وقت ہدایت کار شوجت سرکار کی فلم ’اکتوبر‘ کی شوٹنگ کا آغاز کرنے جارہے ہیں، اس کے علاوہ وہ ’سوئی دھاگے‘ نامی فلم پربھی کام کررہے تھے جس میں ان کے ہمراہ انوشکا شرما اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
واضح رہے کہ ورن دھون نے اپنے کیریئر کا آغاز 2012 میں فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے ساتھ کیا، جس کے بعد وہ کم از کم 10 فلموں میں جلوہ گر ہوچکے ہیں۔