کم پیسوں میں سفر کرنے کیلئے کریم کی بائیک سروس
ٹیکسی سروس کریم نے اب اپنی ایپلیکیشن میں بائیک سروس بھی لانچ کردی ہے، جس کا سب سے زیادہ فائدہ ان افراد کو ہوگا جو اس ٹریفک میں اپنی منزل تک جلدی پہنچنا چاہتے ہیں۔
گو، گو پلس اور بزنس کار کی کامیابی کے بعد کریم نے ’تیز‘ کے نام سے رکشہ سروس کا بھی آغاز کیا تھا، اور اب اپنی بائیک سروس سے کریم کا مقصد عوام کو کم کرائے میں سفر کرنے کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
کریم کے ترجمان سبطین نقوی نے بتایا کہ کریم کا مقصد شہر میں موجود ہر فرد کو بہتر سروس مہیا کرنا ہے، اس سروس کے ذریعے لوگوں کو کم پیسوں میں سفر کرنے کے ساتھ ساتھ ملازمتوں کے بھی موقع مل سکیں گے۔
مزید پڑھیں: کریم نے پاکستان میں خواتین ڈرائیورز بھی متعارف کرادیں
انہوں نے مزید کہا کہ اب تک یہ سروس صرف راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی میں شروع کی گئی ہے، تاہم مثبت ردعمل ملنے پر ملک بھر میں اس سروس کا آغاز کردیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کریم کے علاوہ بائیکیا نامی سروس بھی کراچی میں طویل عرصے سے بائیک پر سفر کرنے کی سہولت فراہم کررہی ہے۔
بائیکیا سے کریم بائیک کے موازانہ پر جواب دیتے ہوئے سبطین کا کہنا تھا کہ ’کریم کا مقصد ہمیشہ سے عوام کو اچھی سہولت فراہم کرنا ہے، ہماری ایپ میں موجود تمام زمرے کراچی میں موجود سب کے لیے ہیں، بائیکیا اپنا کام کررہی ہے اور کریم بھی طویل عرصے سے عوام کو سستی ٹیکسی فراہم کرنے کا کام کررہی ہے، ٹیکسی کے بعد ہمارا ارادہ بائیک سروس لانچ کرنے کا تھا اور امید ہے لوگ اس سے فائدہ اٹھائیں‘۔
یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں کریم نے اپنی دو دنوں کی رشتہ سروس بھی لانچ کی تھی، اس سروس پر لوگوں نے شدید تنقید بھی کی، جبکہ کچھ نے اسے مارکیٹنگ کا انداز بھی کہا۔
اس حوالے سے سبطین نقوی کا کہنا تھا کہ ’جب ہم نے اپنی رشتہ سروس لانچ کی تو اسے تین طرح کا ردعمل ملا، پہلا لوگوں نے اسے اچھا مزاق سمجھا اور اس لیے کافی بکنگ کی، دوسرا کئی افراد نے اسے بہتر مارکیٹنگ کہا جبکہ تیسرا منفی ردعمل تھا، یہ سب کریم کی مارکیٹنگ کا طریقہ ہے، اور مستقبل میں بھی کریم میں عوام کے لیے ایسی دلچسپ سروس لانچ ہوتی رہیں گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: کریم کا کراچی، لاہور میں ’تیز‘ رکشہ سروس کا آغاز
واضح رہے کہ کریم ایک موبائل ایپلیکیشن سروس ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے موجودہ مقام پر کریم کار کو بلوا سکتے ہیں اور اس کے ذریعے باآسانی سفر کرسکتے ہیں۔
2012 میں سروس کا آغاز کرنے والی کریم مشرق وسطی کے 32 شہروں میں اپنی ٹیکسی سروس عوام کو فراہم کررہی ہے، جن میں دوحہ، دبئی، کویت، شارجہ، قاہرہ اور جدہ بھی شامل ہیں۔
پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے خراب نظام اور شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کے باعث کریم جیسی کار سروس عوام کے لیے ٹھنڈی ہوا کا ایک جھونکا ثابت ہوئی ہے۔