• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 بچے جاں بحق، 3 زخمی

شائع October 14, 2017
— فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
— فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع کوٹلی اور پونچھ کے مختلف سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی، جس میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ولید انور کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں نکیال سیکٹر کے بالاکوٹ گاؤں میں 6 سالہ عائقہ رمضان زخمی ہوئی۔ بعد ازاں بھارتی فوج نے نکیال میں گولہ باری کی۔

سہ پہر کو تقریباً ساڑھے 3 بجے بھارتی پوسٹ کی طرف سے گاؤں کھارا ڈھیری میں گولیوں کی بوچھاڑ کی گئی جس سے 9 سالہ سعد چوہدری کو سر میں گولی لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

تقریباً پونے 4 بجے دھاروٹی گاؤں کے کبیر حسین کے گھر مارٹر گولہ آکر گرا جس سے ان کے 3 بچے قرۃالعین، معین اسلام عرف ہمایوں اور سمیع الرحمٰن زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو کوٹلی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کیا گیا جہاں ہمایوں جانبر نہ ہوسکا۔

بچے کے جاں بحق ہونے کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق محمود نے تصدیق کی۔

ڈاکٹر طارق محمود کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز نکیال سیکٹر کے لانجوٹ گاؤں میں 45 سالہ شخص سکندر حیات بھی زخمی ہوا تھا، جنہیں ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت فوج نے راولا کوٹ ۔ پونچھ کراسنگ پوائنٹ کو بھی نشانہ بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا اور اس کی بندوقیں خاموش کرادیں۔

پاکستانی فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چوکیوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے کے بھارتی ہتھکنڈے کشمیری عوام کو ظلم کے خلاف جدوجہد سے نہیں روک سکتے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024