• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کی تحقیقات کا آغاز

شائع October 13, 2017 اپ ڈیٹ October 17, 2017
ہاری وائنسٹن نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے—فوٹو: اے ایف پی
ہاری وائنسٹن نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے—فوٹو: اے ایف پی

متعدد ہولی وڈ اداکاراؤں، ماڈلز، فیشن ڈزائنرز اور خاتون صحافیوں کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے والے 65 سالہ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے خلاف برطانیہ اور امریکا میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

ہاروی وائنسٹن پر انجلینا جولی، روز میکگوان اور ایشلے جڈ سمیت کم سے کم 22 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ’ریپ‘ جیسے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

ہاروی وائنسٹن کے خلاف ان اداکاراؤں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقاتی رپورٹ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رواں ماہ 5 اکتوبر کو شائع کی، جس کے بعد ’دی نیویارکر میگزین‘ نے بھی اس حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی۔

ایک کے بعد ایک اداکارہ اور ماڈلز کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کے بعد اب 65 سالہ پروڈیوسر ہاری وائنسٹن کے خلاف لندن اور نیویارک میں الگ الگ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ہاروی وائنسٹن کے خلاف نیویارک سٹی (این وائی سی) پولیس اور لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے الگ الگ تحقیقات کا آغاز کردیا۔

این وائی سی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان پیٹر ڈونلڈ نے کہا کہ پولیس کے تفتیش کاراس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی ہراسگی کے کتنے اور کس سطح کے الزامات ہیں، اور آیا ماضی میں کسی خاتون نے ان کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے سے متعلق کوئی رپورٹ تو نہیں دی۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ پروڈیوسر پر اداکاراؤں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تاہم تفتیش کاروں کو تاحال ہاروی وائنسٹن کے خلاف کوئی تحریری شکایت نہیں ملی، لیکن پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فلم پروڈیوسر کے خلاف شکایت کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

خبر رساں ادارے نے برطانوی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بھی ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔

میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق انہیں شمال مغربی انگلینڈ سے میسری سائڈ پولیس کی جانب سے ہاروی وائنسٹن کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت موصول ہوئی ہے۔

میسری سائڈ پولیس کے مطابق انہیں ہاروی وائنسٹن کی جانب سے 1980 میں کسی خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت موصول ہوئی۔

خیال رہے کہ ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 22 خواتین کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے، ریپ‘ اور نازیبا رویا اپنانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، جب کہ فلم پروڈیوسر نے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024