• KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:21pm
  • LHR: Maghrib 6:39pm Isha 8:07pm
  • ISB: Maghrib 6:48pm Isha 8:19pm
  • KHI: Maghrib 7:00pm Isha 8:21pm
  • LHR: Maghrib 6:39pm Isha 8:07pm
  • ISB: Maghrib 6:48pm Isha 8:19pm

’غیرملکی مغویوں کی بازیابی بروقت معلومات کے تبادلے کا نتیجہ‘

شائع October 13, 2017

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کا ایجنڈا مشترکہ دشمن کو شکست دینا ہے اور انٹیلی جنس معلومات کے بروقت تبادلے سے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیاں ممکن ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاک فوج کی جانب سے کرم ایجنسی میں کیے جانے والے آپریشن میں کینیڈین خاندان کی بازیابی کے حوالے سے کہا کہ انٹیلی جنس معلومات بروقت ملیں تو موثر کارروائی ممکن ہے اور ’غیر ملکی مغویوں کی بازیابی بھی بروقت معلومات ملنے کا ہی نتیجہ ہے‘۔

مزید پڑھیں: بازیاب کرایا گیا کینیڈین جوڑا برطانیہ روانہ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے پاکستان کے تعاون اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کی جانے والی کارروائی کو سراہا۔

نفیس زکریا نے دہشت گردی کو دونوں ممالک کا مشترکہ مسئلہ اور مشترکہ دشمن قرار دیا۔

افغان امن عمل

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیکرٹری خارجہ کے ایس سی او رابطہ گروپ کے اجلاس میں امریکی وفد کے ساتھ مذاکرات اہمیت کے حامل تھے۔

نفیس زکریا نے افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ہر قسم کا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے چار فریقی گروپ (کیو سی جی) اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سمیت ہر فورم کی حمایت کی جبکہ آئندہ کیو سی جی اجلاس میں افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی۔

امریکی وفد کا دورہ پاکستان

پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں اسلام آباد کے دورے پر آئے امریکی اعلیٰ سطحی وفد کے بارے میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اعلیٰ سطح کا امریکی وفد ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے اور وفد نے وزیر خارجہ اور سیکریٹری خارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔

انہوں نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کے دورہ روس کے حوالے سے بتایا کہ ان کی روسی حکام سے ملاقاتیں اچھی رہیں۔

مسئلہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کی نشاندہی کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی روکنے کا مطالبہ کیا اور امید ظاہر کی کہ عالمی برادری نہتے کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ چند روز میں 7 کشمیری شہید کر دیے گئے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد دراندازی نہیں مقامی تحریک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر گمنام قبروں کا معاملہ بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی سطح پر پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے جبکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں دراندازی کے جھوٹے الزامات لگاتا ہے۔

نفیس زکریا نے الزام لگایا کہ بھارتی الزامات کا مقصد پاکستان اور کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو بدنام کرنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 اپریل 2025
کارٹون : 26 اپریل 2025